مسعود ٹیکسٹائل کی 6.2 میگاواٹ سولر پی وی صلاحیت فعال، 10 میگاواٹ تک توسیع کا منصوبہ
- تقریباً 3.8 میگاواٹ کی اضافی سولر فوٹو وولٹیک صلاحیت کی تنصیب کا کام جاری ہے
مسعود ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ (ایم ایس او ٹی) نے 6.2 میگا واٹ کی مجموعی سولر فوٹو وولٹیک صلاحیت کامیابی سے نصب کردی ہے جو اس وقت آپریشنل ہے۔
کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو اس پیشرفت سے آگاہ کردیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ تقریباً 3.8 میگاواٹ کی اضافی سولر فوٹو وولٹیک صلاحیت کی تنصیب کا کام جاری ہے۔
کمپنی نے کہا کہ کام کی تکمیل، ٹیسٹنگ اور کامیاب کمیشننگ سے مشروط ہے، کمپنی کی مجموعی فعال سولر توانائی پیدا کرنے کی صلاحیت بڑھ کر تقریباً 10.0 میگاواٹ ہونے کی توقع ہے۔
یہ اقدام توانائی اخراجات کو بہتر بنانے، گرڈ سے فراہم کردہ بجلی پر انحصار کم کرنے اور پائیداری کے اپنے اہداف کو آگے بڑھانے کیلئے کمپنی کے اقدامات کا حصہ ہے۔
سولر فوٹو وولٹیک ٹیکنالوجی بجلی پیدا کرنے کا ایک صاف ستھرا، سستا اور ماحول دوست طریقہ ہے اور یہ دنیا بھر سمیت پاکستان میں بھی تیزی سے ایک نمایاں توانائی کے ذریعے کے طور پر ابھر رہی ہے۔
اکتوبر 2025 تک پورے پاکستان میں سولر پی وی پینلز کی کل نصب شدہ صلاحیت 33 گیگا واٹ تک پہنچ گئی۔ اس مارکیٹ کے 2022 سے 2027 کے دوران 2.5 فیصد کی مرکب سالانہ نمو کی شرح سے بڑھنے کی توقع ہے۔
دریں اثنا ایم ایس او ٹی ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے جو کہ کمپنیز ایکٹ، 1913 کے تحت قائم کی گئی تھی۔
























Comments