فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ساز پاکستانی کمپنی کا چینی گروپ سے اشتراک
- معاہدہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی معاونت سے طے پایا
پاکستان کی فارورڈ اسپورٹس جو فیفا ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والی ایڈیڈاس کی آفیشل فٹ بالز تیار کرتی ہے اور چین کی متنوع سرمایہ کاری و اثاثہ جات انتظامی کمپنی ژونگ زی ہواشین گروپ نے پاکستان میں کھیلوں کے جوتے مشترکہ طور پر تیار کرنے کے لیے تکنیکی اور سرمایہ کاری تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
جمعرات کو جاری بیان کے مطابق یہ معاہدہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے طے پایا جس کا مقصد ملک کے مینوفیکچرنگ شعبے کو مضبوط بنانا اور جوتوں کی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔
فارورڈ اسپورٹس کھیلوں کا سامان بالخصوص فٹ بالز تیار کرنے کے حوالے سے معروف ہے۔ کمپنی فیفا ورلڈ کپ کے لیے اعلیٰ معیار کی فٹ بالز تیار کرنے کے علاوہ اسپورٹس بیگز، ملبوسات اور روزمرہ استعمال کے جوتے بھی تیار کرتی ہے۔
ژونگ زی ہواشین گروپ چین کا ایک متنوع سرمایہ کاری اور اثاثہ جات انتظامی گروپ ہے جسے صنعتی ترقی، جوتوں اور ملبوسات کے صنعتی پارکس کے قیام اور علاقائی اقتصادی تعاون کے شعبوں میں مہارت حاصل ہے۔
ایس آئی ایف سی میں منعقدہ معاہدے کی دستخطی تقریب میں وزیر دفاع، ڈائریکٹر جنرل ایس آئی ایف سی، پاکستان ریجنل اکنامک فورم کے چیئرمین، ژونگ زی ہواشین گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور فارورڈ اسپورٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے شرکت کی۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مینوفیکچرنگ صلاحیت کو چینی سرمایہ کاری اور مہارت کے ساتھ یکجا کرنے سے یہ معاہدہ ٹیکنالوجی کی منتقلی، صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور برآمدات میں تنوع لانے میں معاون ثابت ہوگا جب کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تیزی سے بڑھتی ہوئی جوتوں کی مارکیٹ میں زیادہ حصہ حاصل کرنے کے قابل بنائے گا۔
























Comments