سویٹزرلینڈ کولمبیا کو پنالٹیز پر شکست دے کر ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا
- پینالٹیز پر 4-3 سے کامیابی کے بعد سویٹزرلینڈ اب لاسٹ 8 میں ارجنٹائن کا سامنا کرے گا
سویٹزرلینڈ نے منگل کو کھیلے گئے میچ میں کولمبیا کو پنالٹیز پر 3-4 سے شکست دے کر دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کے خلاف کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ وقت تک میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔ یہ رواں ورلڈ کپ 2026 کا امریکہ سے باہر کھیلا جانے والا آخری میچ تھا، جس کے بعد اب تمام میچز امریکہ میں ہوں گے۔
میچ کا فیصلہ کن لمحہ اس وقت آیا، جب پنالٹی شوٹ آؤٹ کے دوران سوئس گول کیپر گریگر کوبیل نے کولمبیا کے کچو ہرنینڈز کی ہٹ کا شاندار دفاع کیا، جس کے بعد روبن ورگاس نے فیصلہ کن پنالٹی اسکور کرکے ٹیم کو جیت دلائی۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کو گول کرنے کے مواقع ملے لیکن مضبوط دفاع کے باعث مقررہ اور اضافی وقت میں کوئی گول نہ ہو سکا۔
اب کوارٹر فائنل میں سویٹزرلینڈ کا مقابلہ ہفتے کے روز کینساس سٹی میں ارجنٹائن سے ہوگا، جس نے مصر کو 2-3 سے شکست دی تھی۔ واضح رہے کہ سویٹزرلینڈ نے آخری بار 1954 میں ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا جب وہ خود ایونٹ کا میزبان تھا۔



















Comments