فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں عوام غاصب قوتوں کے وحشیانہ تشدد اور غیر انسانی سلوک کا شکار ہیں، وزیراعظم
- تشدد متاثرین کی حمایت کے عالمی دن پر فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر اور وحشیانہ تشدد پر شہباز شریف کا اظہارتشویش
وزیراعظم شہباز شریف نے غیر ملکی غاصب قوتوں کی جانب سے ریاستی جبر کے ہتھیار کے طور پر تشدد کے منظم استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
جمعہ کو منائے جانے والے تشدد کے متاثرین کی حمایت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ فلسطین اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام غاصب حکام کے ہاتھوں مسلسل ریاستی جبر، وحشیانہ تشدد اور تذلیل آمیز و غیر انسانی سلوک کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری پر یہ اجتماعی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ایسے جرائم کی مذمت کرے اور اس کے ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہائیوں سے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور مسلسل خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کی ایسی خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کے احتساب کو یقینی بنائیں اور تشدد کے شکار افراد کے تحفظ کے لیے مؤثر اور بامعنی بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج کے دن پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں تشدد کا شکار ہونے والوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔






















Comments