وزیراعظم کا ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، امریکا ایران جلد معاہدے کیلئے امید کا اظہار
- وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ بحران کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر ایرانی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کے روز ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں ایران کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ جلد ہی ایسا امن معاہدہ طے پا جائے گا جو ایرانی قوم کی عزت و وقار کے مطابق ہوگا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق تقریباً 30 منٹ تک جاری رہنے والی خوشگوار اور گرمجوش گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور ایک دوسرے کے لیے، اپنے اپنے ممالک کے عوام اور پوری مسلم اُمہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خطے میں امن کی کوششوں میں پاکستان کے اہم کردار پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سعودی عرب، قطر اور ترکی سمیت دیگر علاقائی ممالک کی امن کوششوں میں شمولیت کو بھی سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ بحران کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر ایرانی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایرانی صدر کے پاکستان کے لیے خیرسگالی جذبات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن کے لیے انتھک کوششیں کی ہیں۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی امن معاہدہ طے پا جائے گا، اور کہا کہ خطے میں امن قائم ہونے سے ایران اپنی حقیقی معاشی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکے گا، جس سے پورا خطہ مستفید ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک برادر ہمسایہ ملک کے طور پر ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا اور امن کی بحالی کے بعد دونوں ممالک کے لیے ایک روشن اور خوشحال مستقبل منتظر ہے۔
دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے اور علاقائی صورتحال پر مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

























Comments