بلوچستان آپریشن میں آرمی میجر سمیت 5 جوان شہید، 7 دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر
- ضلع بارکھان میں پاک فوج کے ایک میجر سمیت 5 پاکستانی سیکیورٹی اہلکار شہید اور 7 دہشت گرد مارے گئے
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے نوشام میں 13 مئی کی صبح پاکستان آرمی اور فرنٹیئر کور بلوچستان کے دستوں نے سینیٹائزیشن آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے ایک گروہ کو نشانہ بنایا، جس میں سات دہشت گرد مارے گئے۔ موقع سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس کارروائی میں پانچ پاکستانی سیکیورٹی اہلکار، جن میں ایک آرمی میجر بھی شامل ہیں، شہید ہوگئے ہیں۔
تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پانچ سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔
شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت میجر توصیف احمد بھٹی (31 سال، ضلع پاکپتن)، نائیک فدا حسین (36 سال، ضلع سکھر)، سپاہی ذاکر حسین (32 سال، ضلع اسکردو)، سپاہی سہیل احمد (21 سال، ضلع خانیوال) اور سپاہی محمد ایاز (24 سال، ضلع رحیم یار خان) کے طور پر کی گئی ہے۔
فوج کے مطابق آس پاس کے علاقوں میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ”عزمِ استحکام“ مہم کے تحت انسدادِ دہشت گردی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

























Comments