سندھ میں موٹر سائیکل سوار 2 ہزار روپے فیول سبسڈی کیسے حاصل کریں؟
- درخواست گزاروں کیلئے یہ ضروری ہے کہ گاڑی ان کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہو، موبائل ایپلی کیشن آئندہ چند روز میں لانچ کیے جانے کا امکان
حکومت سندھ نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے آن لائن پورٹل کے ذریعے موٹر سائیکل مالکان کے لیے 2,000 روپے ماہانہ فیول سبسڈی کی ادائیگی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ اس سلسلے میں موبائل ایپلی کیشن آئندہ چند روز میں لانچ کیے جانے کا امکان ہے۔
پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے سبسڈی حاصل کرنے کے طریقہ کار کی وضاحت کی۔
اہلیت کا معیار: یہ سبسڈی سندھ میں رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالکان کے لیے دستیاب ہے۔ درخواست گزاروں کے لیے لازمی ہے کہ گاڑی ان کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہو۔
درخواست دینے کا طریقہ: سبسڈی کلیم کرنے کے لیے صارفین کو درج ذیل اقدامات کرنے ہوں گے:
- محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ پر جائیں اور آن لائن وہیکل ویریفکیشن سیکشن میں جا کر رجسٹریشن نمبر درج کر کے ملکیت کی تصدیق کریں۔
- اگر موٹر سائیکل آپ کے نام پر رجسٹرڈ ہے تو ٹیکس پورٹل پر جائیں اور موٹر سائیکل فیول سبسڈی پروگرام کا انتخاب کریں۔
- اہلیت کی جانچ کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر اور موٹر سائیکل کا رجسٹریشن نمبر درج کریں۔
- ون ٹائم پاس ورڈ (او پی ٹی) حاصل کرنے کے لیے اپنا نام اور موبائل نمبر فراہم کریں۔
- او ٹی پی درج کریں اور درخواست مکمل کرنے کے لیے اپنا انٹرنیشنل بینک اکاؤنٹ نمبر (آئی بی اے این) فراہم کریں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بینک اکاؤنٹ کا ٹائٹل آپ کے رجسٹرڈ نام سے مطابقت رکھتا ہو، تاکہ تصدیق میں تاخیر نہ ہو۔
درخواست جمع کرانے پر صارفین کو ایک تصدیقی پیغام موصول ہوگا جس میں بتایا جائے گا کہ ان کا کلیم تصدیق کے لیے سندھ بینک کو بھیج دیا گیا ہے، ساتھ ہی ایک ٹریکنگ نمبر بھی دیا جائے گا۔
ادائیگیاں کب ہوں گی؟:
حکام کا کہنا ہے کہ سبسڈی کی رقم درخواست دینے کے 15 دن کے اندر تصدیق شدہ بینک اکاؤنٹس میں منتقل کر دی جائے گی۔ صوبائی حکومت نے پہلے اشارہ دیا تھا کہ ابتدائی ادائیگیاں 15 سے 20 اپریل کے درمیان ہوں گی۔
پروگرام کا دائرہ کار:
وزیر اعلیٰ کے مطابق اس اقدام سے صوبے بھر کی تقریباً 6.7 ملین رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ریلیف براہِ راست نقد منتقلی کی صورت میں فراہم کیا جائے گا، نہ کہ پیٹرول پمپس پر قیمتوں میں رعایت کے طور پر ہوگا۔ یہ سبسڈی پروگرام عوام پر ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کو کم کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔

























Comments