فوجی سیمنٹ اور کیپکو کا اٹک سیمنٹ کے 92 فیصد حصص حاصل کرنے کا فیصلہ
- خریداری اس وسیع تر معاہدے کا حصہ ہے جس کا مقصد کمپنی کا مشترکہ کنٹرول حاصل کرنا ہے
فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ایف سی سی ایل) اور کوٹ ادو پاور کمپنی لمیٹڈ (کیپکو) نے اٹک سیمنٹ پاکستان لمیٹڈ میں تقریباً 7.97 فیصد حصص کے مساوی 10.95 ملین عام شیئرز حاصل کرنے کیلئے عوامی پیشکش کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں پیر کو جمع کرائی گئی دستاویز کے مطابق یہ خریداری اس وسیع تر معاہدے کا حصہ ہے جس کا مقصد کمپنی (اٹک سیمنٹ) کا مشترکہ کنٹرول حاصل کرنا ہے۔
گزشتہ ماہ کیپکو اور ایف سی سی ایل نے فیرون انوسٹمنٹ گروپ لمیٹڈ ہولڈنگ ایس ۔ اے ۔ ایل کے ساتھ ایک خریداری اور فروخت کا معاہدہ (اپیس پی اے) کیا تھا، جس کے تحت اٹک سیمنٹ پاکستان لمیٹڈ کے کل جاری کردہ اور پیڈ اپ کیپیٹل کا 84.06 فیصد حصہ خریدنے اور اس کا مشترکہ کنٹرول سنبھالنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
اس انتظام کے تحت فوجی سیمنٹ 5 کروڑ 77 لاکھ 60 ہزار (57.76 ملین) عام حصص حاصل کرے گی جو اٹک سیمنٹ (اے سی پی ایل) کے ادا شدہ حصص کے سرمائے کے 42.03 فیصد کے برابر ہیں۔ دوسری جانب، کیپکو بھی اتنی ہی تعداد میں حصص خریدے گی جو کہ 330.41 روپے فی شیئر کی ایڈجسٹ شدہ قیمت پر مزید 42.03 فیصد حصہ بنے گا۔
مزید برآں پبلک آفر کے ذریعے دونوں کمپنیاں 330.41 روپے فی شیئر کی قیمت پر مزید 3.98 فیصد حصہ حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، اس طرح اگر تمام شیئرہولڈرز اس پیشکش کو قبول کرلیتے ہیں تو مجموعی ممکنہ خریداری کمپنی کے تقریباً 92 فیصد حصص تک پہنچ جائے گی۔
عوامی پیشکش کے تحت تمام حصص کی قبولیت کی صورت میں مجموعی تخمینی ادائیگی تقریباً 3.62 ارب روپے ہوگی۔
ایف سی سی ایل اور اٹک سیمنٹ بنیادی طور پر مختلف اقسام کے سیمنٹ کی تیاری اور فروخت کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ یہ خریداری فوجی سیمنٹ کے لیے تزویراتی طور پر فائدہ مند ہے کیونکہ یہ سیمنٹ کے شعبے میں اس کے پورٹ فولیو کو مضبوط بناتی ہے جو کہ پاکستان بھر میں اس کی موجودہ سرمایہ کاری اور موجودگی کے لیے معاون ثابت ہوگی۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ یہ خریداری فوجی سیمنٹ کو سیمنٹ کے شعبے میں اپنا دائرہ کار وسیع کرنے کی اجازت دیتی ہے۔
دریں اثنا یہ خریداری کیپکو کو سیمنٹ کے شعبے میں بطور نئے سرمایہ کار داخل ہونے اور اپنے کاروباری دائرہ کار (پورٹ فولیو) کو وسعت دینے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
پبلک اناوسمنٹ کے مطابق خریداروں کے موجودہ منصوبوں کے تحت اٹک سیمنٹ اپنا کاروبار معمول کے مطابق جاری رکھے گی اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر ایک لسٹڈ کمپنی کے طور پر برقرار رہے گی۔






















Comments