واٹس ایپ کا بین الاقوامی سفر کے لیے نئی ای سم سہولت متعارف کرانے کا اعلان
- ای سم خریدنے اور انسٹال کرنے کا عمل ’’پیغام بھیجنے جتنا آسان‘‘ ہوگا، واٹس ایپ کا اعلان
واٹس ایپ نے ایک نئے فیچر کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے صارفین بین الاقوامی سفر کے لیے چند آسان مراحل میں ڈیٹا ای سم خرید اور انسٹال کرسکیں گے، وہ بھی ایپ سے باہر نکلے بغیر۔
کمپنی نے رواں ہفتے جاری کردہ بیان میں کہا کہ دنیا بھر کے مسافر بورڈنگ پاس حاصل کرنے، ایئرپورٹ سے پک اَپ کا انتظام کرنے اور اپنے اہل خانہ کو بحفاظت پہنچنے کی اطلاع دینے کے لیے واٹس ایپ پر انحصار کرتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق، ای سم خریدنے اور انسٹال کرنے کا عمل بھی ’’پیغام بھیجنے جتنا آسان‘‘ ہوگا۔
کمپنی نے کہا کہ اس سہولت کے ذریعے مسافروں کو مقامی سم کارڈ خریدنے کے لیے ایئرپورٹ پر کاؤنٹر تلاش کرنے، وائی فائی کے لیے کسی کیفے کے چکر لگانے یا مہنگے رومنگ چارجز ادا کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اس فیچر کا مقصد بیرون ملک پہنچنے کے بعد بھی مسافروں کو اپنے معمول کے فون نمبر پر رابطے میں رہنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ یہ سہولت ان ممالک میں دستیاب ہونے پر صارفین کو واٹس ایپ میں اس کا آپشن نظر آنے لگے گا۔ اس مقصد کے لیے واٹس ایپ ای سم فراہم کرنے والی کمپنیوں اور ٹیلی کام شراکت داروں کے ساتھ کام کر رہا ہے، جن میں جیو، اسمارٹ ایکسیٹا، اسمارٹ کمیونی کیشنز اور ویریزون شامل ہیں۔ کمپنی کے مطابق، منتخب ممالک میں یہ فیچر ’’جلد‘‘ متعارف کرانے کا عمل شروع کردیا جائے گا۔


























Comments