پاکستان میں ایل پی جی اصلاحات کے تین اہم امتحان
- پاکستان کی نئی ایل پی جی پالیسی کا مقصد قیمتوں کو درآمدات سے منسلک کرکے استحکام لانا ہے، تاہم اس کی کامیابی کا انحصار حقیقی مسابقت اور منڈی میں شفافیت کو فروغ دینے پر ہے
گزشتہ کئی ماہ سے ایل پی جی کی سرکاری طور پر مقرر کردہ قیمت اور صارفین کی جانب سے حقیقتاً ادا کی جانے والی قیمت میں زمین آسمان کا فرق رہا ہے۔ نومبر میں اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت 294.07 روپے فی کلوگرام مقرر کی، لیکن ملک کے کئی علاقوں میں صارفین نے 500 سے 700 روپے، جبکہ بعض جگہ اس سے بھی زیادہ قیمت ادا کرنے کی شکایات کیں۔ ایسی قیمت جس پر کوئی چیز خرید ہی نہ سکے، قیمت نہیں بلکہ محض ایک پریس ریلیز ہوتی ہے۔
ہم اس صورت حال سے پہلے بھی گزر چکے ہیں۔ گزشتہ 25 برسوں کے دوران ایل پی جی پالیسی کبھی آزاد منڈی اور کبھی حکومتی کنٹرول کی طرف جھکتی رہی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور صارفین کو عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے تحفظ دینے کی سیاسی ضرورت کے درمیان کشمکش ہے۔ جون 2000 میں وفاقی حکومت نے اس شعبے کو ڈی ریگولیٹ کیا، جبکہ ایل پی جی رولز 2001 کے ذریعے 1971 کے قواعد کی جگہ نئے قواعد لائے گئے، جن کے تحت پروڈیوسرز اور مارکیٹنگ کمپنیاں اپنی قیمتیں خود مقرر کرنے کی مجاز ہوئیں۔ 2007 میں پہلے سے کی گئی اصلاحات کو آگے بڑھاتے ہوئے قیمتوں کو مکمل طور پر ڈی ریگولیٹ کردیا گیا اور مقامی قیمتوں کو سعودی آرامکو کے کنٹریکٹ پرائس سے منسلک کردیا گیا۔
ابتدائی طور پر سپلائی میں اضافہ ہوا، تاہم صارفین کی قیمتیں عالمی منڈی کے اتار چڑھاؤ سے بری طرح متاثر ہونے لگیں۔ قیمتوں میں غیر معمولی اضافے، سردیوں میں شدید قلت اور کارٹیل کے ذریعے قیمتیں کنٹرول کرنے کے الزامات کے بعد حکومت نے پالیسی واپس تبدیل کردی۔ ایل پی جی پالیسی 2016 کے تحت قیمتوں کی حد مقرر کردی گئی اور اوگرا کو ماہانہ قیمتوں کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ تاہم 2017 میں میڈیا رپورٹس میں قیمتوں کی حد مقرر کیے جانے کے بعد درآمدات میں سست روی اور قیمتوں میں اضافے کی نشاندہی کی گئی۔
2026 میں بھی یہی صورت حال دوبارہ سامنے آگئی۔ درآمدات پر بھاری انحصار، ذخیرہ کرنے کی محدود سہولتیں، کوٹہ مختص کرنے کا چند اداروں تک محدود نظام، کمزور نگرانی اور خلیجی جنگ کے باعث سپلائی میں رکاوٹوں نے شدید بحران پیدا کردیا۔
اس کے ردعمل میں منظور کی گئی نئی پالیسی کے تحت اوگرا کے ماہانہ قیمتوں کے نوٹیفکیشن کا نظام ختم کرکے قیمتوں کو درآمدی لاگت سے منسلک کردیا گیا ہے۔ کوٹہ سسٹم ختم کردیا گیا ہے، جبکہ مقامی پیداوار کا 90 فیصد حصہ مسابقتی نیلامی کے ذریعے فروخت کیا جائے گا اور باقی پیداوار دور دراز اور سہولتوں سے محروم علاقوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کو فراہم کی جائے گی۔ چار سرکاری کمپنیوں کو بڑی مقدار میں ایل پی جی درآمد کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم اور درآمدی لاگت کے مطابق قیمت کے درمیان فرق کم آمدنی والے گھرانوں کو رعایتی ایل پی جی فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
پالیسی کی سمت درست ہے۔ کئی ماہ سے درآمد کنندگان کا کہنا تھا کہ سرکاری طور پر مقرر کردہ قیمت درآمدی لاگت سے کم ہے۔ مثال کے طور پر جون 2026 میں جامشورو جوائنٹ وینچر نے اندازہ لگایا تھا کہ درآمد شدہ 11.8 کلوگرام سلنڈر کی لاگت قانونی طور پر مقرر کردہ زیادہ سے زیادہ قیمت سے تقریباً 709 روپے زیادہ تھی۔ لاگت سے کم قیمت مقرر کرنے سے صارفین کو فائدہ نہیں ہوتا، بلکہ فروخت غیر قانونی منڈیوں میں منتقل ہوجاتی ہے۔
اصل سوال یہ نہیں کہ قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے یا آزاد چھوڑ دیا جائے، بلکہ یہ ہے کہ کیا حقیقی مسابقت کے لیے ضروری حالات موجود ہیں؟ قیمتوں کی حد ختم کردینے سے مسابقتی منڈی قائم نہیں ہوجاتی۔ اس کے لیے آزاد سپلائرز، بنیادی سہولتوں تک رسائی، شفاف لین دین، مؤثر ریگولیٹر اور ملی بھگت کے خلاف قواعد ضروری ہیں۔ نئی پالیسی تبھی کامیاب ہوگی جب وہ تین امتحان پاس کرے: کیا منڈی میں مسابقت موجود ہے؟ کیا ریاست اس منڈی کی سرگرمیوں پر نظر رکھ سکتی ہے؟ اور کیا تحفظ واقعی کمزور طبقوں تک پہنچتا ہے؟
نیلامی کے ذریعے مقامی ایل پی جی کی تقسیم شفاف بنائی جاسکتی ہے، لیکن محض زیادہ بولی دہندگان کی موجودگی حقیقی مسابقت کی ضمانت نہیں۔ نیلامی میں ہر کمپنی کے لیے روزانہ 20 ٹن کی حد اسی صورت مؤثر ہوگی جب کمپنیوں کی ملکیت کی تصدیق اور آزادانہ نگرانی کا انتظام موجود ہو۔ چار سرکاری درآمد کنندگان سپلائی بڑھا سکتے ہیں، لیکن سرکاری ملکیت خود کار طور پر کارکردگی کی ضمانت نہیں۔ خصوصی رعایتیں کاروبار اور حکومت کے درمیان فرق کو دھندلا سکتی ہیں۔ اگر منڈی چند اداروں کے ہاتھوں میں محدود رہی تو درآمد کنندگان کی تعداد بڑھانے سے قیمتیں کم نہیں ہوں گی، جبکہ ذخیرہ کرنے اور نقل و حمل کی ناقص سہولتیں دور دراز علاقوں کے صارفین تک فائدہ پہنچنے میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔ اوگرا کو لائسنسنگ، حفاظتی اقدامات اور صارفین کے تحفظ میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے، جبکہ مسابقتی کمیشن کو مسابقت مخالف سرگرمیوں سے نمٹنا چاہیے۔ دونوں اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون ناگزیر ہوگا۔
کیا ریاست کو منڈی کی سرگرمیوں کا مکمل علم ہے؟ حکومت کی اپنی کابینہ سمری کے مطابق پاکستان میں ایل پی جی کی نصف سے زیادہ مقدار زمینی سرحدی راستوں سے آتی ہے، جہاں جانچ کی سہولتیں موجود نہیں۔ غیر دستاویزی درآمدات پر سیلز ٹیکس، پیٹرولیم لیوی اور کسٹم ڈیوٹی ادا نہیں کی جاتی، جبکہ ریاست کو آنے والی ایل پی جی کی اصل مقدار کا بھی درست اندازہ نہیں۔ سرحدی علاقوں میں ایل پی جی کو ایک سلنڈر سے دوسرے میں منتقل کرنے کے دوران ہونے والے دھماکوں میں 2020 سے اب تک 60 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ اندازے کے مطابق ایل پی جی باؤزرز میں سے 56 فیصد بغیر لائسنس کام کررہے ہیں۔
یہ مسئلہ نیا نہیں۔ اوگرا نے 2011 میں ایف بی آر سے ایران سرحد کی نگرانی اور جانچ کرنے کی درخواست کی تھی، جبکہ ایل پی جی پالیسی 2021 کے مسودے میں بھی منڈی کا ڈیٹا بیس موجود نہ ہونے کی نشاندہی کی گئی تھی۔ پندرہ برس بعد نئی ایل پی جی پالیسی کے تحت زمینی سرحدی داخلی راستوں پر جانچ شروع کرنے اور جون 2027 کے وسط تک لائسنس یافتہ کمپنیوں کی فروخت کا ان کے منظور شدہ ذخیرہ کرنے کی گنجائش کے ساتھ آڈٹ کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
تاہم اس پر عمل درآمد مشکل ہوگا۔ آڈٹ کے لیے اوگرا کی صلاحیت درکار ہے، جس پر فی الحال سوالات اٹھائے جارہے ہیں اور اسے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ ضمانت پر رہائی نہ ملنے والے جرائم کی شقوں کے لیے نئی قانون سازی بھی ضروری ہوگی۔ اس کے علاوہ غیر رسمی تجارت سرحدی علاقوں میں لوگوں کے روزگار کا ذریعہ بھی ہے اور سپلائی کی کمی کو کسی حد تک پورا کرتی ہے، اس لیے اسے بہت تیزی سے بند کرنے سے سپلائی مزید محدود ہوسکتی ہے اور سماجی و سیاسی مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
درآمدی لاگت سے منسلک قیمتوں کے نظام کے لیے ایک قابل اعتماد معیار بھی ضروری ہے۔ اگر اس کا انحصار سمندر کے ذریعے آنے والی چند سرکاری کھیپوں پر ہو، جبکہ زیادہ تر ایل پی جی سڑک کے راستے پہنچتی ہو، تو یہ قیمت منڈی کی حقیقی صورت حال کی عکاسی نہیں کرے گی۔ ڈیلرز نے قیمتوں میں 25 سے 30 فیصد اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ان خدشات میں ان کے اپنے مفادات بھی شامل ہوسکتے ہیں، لیکن یہ حکومت کے تسلیم کردہ ڈیٹا کی کمی کے حوالے سے ایک جائز سوال بھی اٹھاتے ہیں۔
کمزور طبقوں کو تحفظ دینے کے لیے حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے رجسٹرڈ خاندانوں کو 300 سے 350 روپے فی کلوگرام کی رعایتی قیمت پر ایل پی جی فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ تاہم دو مختلف قیمتوں کا نظام قیمتوں میں فرق سے ناجائز فائدہ اٹھانے کے مواقع پیدا کرسکتا ہے۔ رعایتی نظام مؤثر ہوسکتا ہے، لیکن اس کے لیے فروخت کے مقام پر تصدیق ضروری ہے۔ آمدنی کی بنیاد پر اہلیت مقرر کرنے سے دور دراز علاقوں کے ایسے گھرانے بھی امداد سے محروم رہ سکتے ہیں جنہیں اس کی ضرورت ہے۔ یہ اسکیم اسی صورت اپنے اخراجات پورے کرسکتی ہے جب نیلامی میں ایل پی جی کی قیمت مقررہ کم از کم قیمت سے زیادہ وصول ہو، جس کا انحصار سپلائی اور منڈی کی شفافیت پر ہوگا۔ بہتر ہوگا کہ اس نظام کو ملک بھر میں نافذ کرنے سے پہلے نقد امداد یا ڈیجیٹل واؤچرز کے ذریعے مارکیٹ قیمت پر ایل پی جی خریدنے کی سہولت کا محدود پیمانے پر تجربہ کیا جائے۔
ایل پی جی کی گزشتہ تاریخ احتیاط کا تقاضا کرتی ہے۔ پالیسی میں بار بار تبدیلیوں کے سلسلے کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ سردیوں میں قیمتوں کے اچانک اضافے سے بچا جائے، منڈی کی سرگرمیوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے اور اس کے بعد مسابقت اور صارفین کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ پیٹرولیم ڈویژن کو ڈیلرز کی تنظیموں کے ساتھ اختلافات حل کرنے چاہئیں، جنہوں نے قلت اور قیمتوں میں اضافے کے خدشات پر ملک گیر فروخت بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔ قیمتوں کا نیا نظام بتدریج متعارف کرایا جائے اور ہر مرحلے کے لیے معیار اور متعلقہ ڈیٹا عام کیا جائے، تاکہ درآمدی لاگت سے منسلک پہلی قیمت کی منڈی سے تصدیق ہوسکے۔
اوگرا اور پیٹرولیم ڈویژن کو ملک میں ایل پی جی کی طلب اور سپلائی کا مجموعی جائزہ، مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی ایل پی جی کی قیمتوں کی تفصیل، لائسنسوں کا آڈٹ اور ذخیرہ کرنے کی سہولتوں کا نقشہ شائع کرنا چاہیے۔ اوگرا اور ایف بی آر کسٹمز کو جون 2027 سے کافی پہلے مصروف ترین سرحدی راستوں پر اچانک جانچ شروع کردینی چاہیے، جس کے بعد مکمل جانچ اور لائسنس یافتہ کمپنیوں کے آڈٹ کا عمل آگے بڑھایا جائے، ساتھ ہی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کے لیے ہدف مقرر کیا جائے۔ غیر رسمی سپلائی کے خلاف کارروائی مرحلہ وار ہونی چاہیے۔ بی آئی ایس پی کی رعایت، فروخت کے مقام پر تصدیق کے نظام اور نقد امداد کی اسکیموں کو ملک بھر میں نافذ کرنے سے پہلے آزمائشی بنیادوں پر چلایا جائے۔ حکومت کو کوٹہ رکھنے والی کمپنیوں کی جانب سے عدالتی کارروائی کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے، کیونکہ ماضی میں ایسے مقدمات نیلامی کے عمل میں تاخیر کا سبب بن چکے ہیں۔
حکومت اس بات پر مبارکباد کی مستحق ہے کہ اس نے قیمتوں کی ایسی حد ختم کردی جسے منڈی پہلے ہی مسترد کرچکی تھی۔ لیکن قیمت مقرر کرنا پالیسی کا صرف ایک پہلو ہے۔ اصل مشکل ایسے اعداد و شمار اور ادارہ جاتی نظام تشکیل دینا ہے جو یہ جاننے میں مدد دے کہ صارف حقیقتاً کتنی قیمت ادا کررہا ہے۔ اگر یہ اقدامات پہلے نہ کیے گئے تو دباؤ کے نتیجے میں حکومت ایک بار پھر پالیسی تبدیل کرنے پر مجبور ہوسکتی ہے اور اصلاحات کا یہ سلسلہ دوبارہ اسی چکر میں پھنس جائے گا۔























Comments