وزیراعظم نے ادویات اور قیمتوں کی تصدیق کیلئے ’محفوظ دوا‘ ایپ لانچ کردی
- ایپلی کیشن کو ادویات کی نگرانی اور تصدیق میں سہولت فراہم کرنے اور عوام کو ادویہ سے متعلق قابلِ اعتماد معلومات تک بہتر رسائی دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے
وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعرات کو ’’محفوظ دوا‘‘ ایپلی کیشن کا افتتاح کیا، جو ایک ڈیجیٹل اقدام ہے اور اس کا مقصد پاکستان بھر میں لوگوں کو ادویات کی اصلیت، قیمتوں اور دستیابی کی تصدیق میں مدد فراہم کرنا ہے۔
وزارت قومی صحت خدمات کی جانب سے تیار کردہ اس ایپلی کیشن کو ادویات کی نگرانی اور تصدیق میں سہولت فراہم کرنے اور عوام کو ادویہ سے متعلق قابلِ اعتماد معلومات تک بہتر رسائی دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس ایپلی کیشن کو صارفین کو جعلی ادویات سے محفوظ رکھنے اور انہیں باخبر فیصلے کرنے میں مدد دینے کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا۔
انہوں نے وزارت قومی صحت خدمات کو ہدایت کی کہ وہ وزارت اطلاعات و نشریات اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ مل کر ایپلی کیشن کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھائے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کے فوائد ملک بھر کے گھرانوں تک پہنچیں۔
شہباز شریف نے ادویات کو سستا اور قابلِ رسائی بنانے کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے خوشحال طبقے کو مہنگی طبی سہولیات دستیاب ہونے کے باوجود لاکھوں افراد ضروری ادویات کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔
انہوں نے وزارت صحت پر زور دیا کہ وہ ادویات کی قیمتیں عام شہریوں کی پہنچ میں لانے کے طریقے تلاش کرنے کے لیے دوا ساز کمپنیوں اور متعلقہ ماہرین سے مشاورت کرے۔
قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ صحت اور تعلیم تک یکساں رسائی حکمرانی کا بنیادی اصول ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کی سماجی و معاشی بہبود بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کریں گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قومی صحت خدمات مصطفیٰ کمال نے اس ایپلی کیشن کو انسانی جانوں کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے اس اقدام میں دوا ساز صنعت کے تعاون کو سراہا اور بتایا کہ 92 ہزار فارماسیوٹیکل مصنوعات پر مشتمل ڈیٹا بیس قائم کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبیداللہ نے شرکا کو آگاہ کیا کہ اتھارٹی کے تمام ضابطہ جاتی امور کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے۔























Comments