وزیراعظم شہباز شریف کا قیمتی پتھروں کی برآمدات بڑھانے کے لیے عالمی معیار کی لیبارٹریز اور تربیتی مراکز کے قیام پر زور
- حکومت کا 4 ارب 10 کروڑ روپے کے منصوبے کے تحت سہولت مراکز قائم کرنے کا فیصلہ، پاکستان میں قیمتی پتھروں کے ذخائر 30 کروڑ قیراط سے زائد ہونے کا تخمینہ
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو پاکستان میں قیمتی پتھروں کے شعبے میں جامع اصلاحات، عالمی معیار کی لیبارٹریز کے قیام، کان کنی کے طریقہ کار کو جدید بنانے اور پیشہ ورانہ تربیت کے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد قیمتی پتھروں میں ویلیو ایڈیشن اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔
ملک میں قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو قیمتی پتھروں کی شناخت اور تصدیق کے لیے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ لیبارٹریز قائم کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے پاکستانی ماسٹر ٹرینرز کو قیمتی پتھروں کی پروسیسنگ کی خصوصی تربیت کے لیے سری لنکا اور تھائی لینڈ بھیجنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے سیکریٹری خارجہ کو ہدایت کی کہ ان ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں کے ذریعے اس سلسلے میں مکمل تعاون یقینی بنایا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کے وسیع امکانات موجود ہیں، تاہم کان کنی کے فرسودہ طریقوں کے باعث قیمتی وسائل ضائع ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس شعبے کی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے اور قیمتی پتھروں کی کان کنی اور پروسیسنگ میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے صنعت کے لیے مکمل ویلیو چین کے قیام کی جانب پیش رفت کا خیرمقدم کیا اور اصلاحات اور سینٹرز آف ایکسیلینس کے قیام میں معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور ان کی ٹیم، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر اور دیگر حکام کی کوششوں کو سراہا۔
قیمتی پتھروں کے ذخائر 30 کروڑ قیراط سے زائد
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کے ذخائر کا تخمینہ تقریباً 30 کروڑ قیراط ہے، جبکہ 9 ہزار سے زائد کان کن 30 سے زیادہ اقسام کے قیمتی پتھروں کی کان کنی میں مصروف ہیں۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اس شعبے سے 5 ہزار 500 سے زائد کاروبار وابستہ ہیں، تاہم خام پتھروں کی برآمد، کان کنی کے دوران 50 فیصد سے زیادہ نقصانات، جدید تکنیکی مہارتوں کی کمی اور ویلیو ایڈیشن کی محدود سہولتوں کے باعث اس صنعت کی ترقی متاثر ہو رہی ہے۔
حکام کے مطابق ان مسائل کے حل اور صنعت کی استعداد بڑھانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔
4 ارب 10 کروڑ روپے کا منصوبہ، نئی پالیسی
اجلاس کو بتایا گیا کہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں سہولت مراکز کے قیام کے لیے 4 ارب 10 کروڑ روپے کا منصوبہ جاری ہے۔
دیگر اقدامات میں 80 بینکنگ سہولت ڈیسک کا قیام، ارضیاتی نقشہ سازی، تربیتی مراکز کی بحالی اور بین الاقوامی تعاون شامل ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ قومی قیمتی پتھر پالیسی 2026-2030 پر عمل درآمد بھی شروع کردیا گیا ہے۔
مجوزہ اصلاحات میں آزادانہ ریگولیٹری نظام، قومی سرٹیفکیشن اور وارنٹی سسٹم کا قیام، خام قیمتی پتھروں کی برآمد پر پابندی اور درآمدی مشینری پر ٹیکس و کسٹم ڈیوٹی میں چھوٹ شامل ہے۔
حکمت عملی کے تحت جدید تکنیکی تربیت، مقامی منڈیوں کی ترقی اور نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کے ذریعے کان کنی سے لے کر پروسیسنگ اور تیار مصنوعات تک مربوط ویلیو چین قائم کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، جام کمال خان، احسن خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ اور علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔























Comments