جولائی تا اکتوبر، موبائل فونز کا درآمدی بل 7.2 فیصد کم رہا
- رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران موبائل فون درآمدی بل ڈالر کے لحاظ سے 598.147 ملین ڈالر رہ گیا
رواں مالی سال 2026-27 کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران پاکستان کا موبائل فون درآمدی بل ڈالر کے لحاظ سے 7.20 فیصد کم ہوکر 598.147 ملین ڈالر رہ گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 644.574 ملین ڈالر تھا۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران موبائل فونز کا مجموعی درآمدی بل روپے کے لحاظ سے 8.74 فیصد کم ہوکر 166.205 ارب روپے رہ گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 182.117 ارب روپے تھا۔
اکتوبر 2026 میں موبائل فونز کی درآمدات ماہانہ 26.54 فیصد بڑھ کر 181.006 ملین ڈالر رہ گئیں جو ستمبر میں 143.046 ملین ڈالر تھیں۔ گزشتہ سال اکتوبر میں ریکارڈ کی گئی 144.563 ملین ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں رواں سال اکتوبر میں یہ اضافہ تقریباً 25.21 فیصد رہا۔
روپے کے لحاظ سے اکتوبر میں موبائل فونز کا درآمدی بل 26.42 فیصد اضافے سے 50.222 ارب روپے تک پہنچ گیا جو ستمبر میں 39.725 ارب روپے تھا۔ سالانہ بنیادوں پر بھی درآمدی بل میں 23.39 فیصد اضافہ ہوا جو اکتوبر 2025 میں 40.702 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
جائزہ مدت کے دوران پاکستان میں ٹیلی کام کے بنیادی ڈھانچے کی طلب مستحکم رہی جس کے نتیجے میں مالی سال 2026-27 کے ابتدائی چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) میں ٹیلی کام آلات کی درآمدات 7.30 فیصد اضافے سے 932.753 ملین ڈالر ہوگئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 869.269 ملین ڈالر تھیں۔
روپے کے لحاظ سے رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں ٹیلی کام آلات کا درآمدی بل 5.59 فیصد بڑھ کر 259.330 ارب روپے ہوگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 245.595 ارب روپے تھا۔
ٹیلی کام آلات کی درآمدات میں یہ اضافہ ملک میں ٹیلی کام کے بنیادی ڈھانچے میں مسلسل سرمایہ کاری کے تناظر میں سامنے آیا ہے جس میں نیٹ ورک کی توسیع اور موبائل سروسز کی اگلی نسل متعارف کرانے کی تیاریاں شامل ہیں۔
سالانہ بنیادوں پر اکتوبر 2026 میں ٹیلی کام آلات کی درآمدات 38.43 فیصد اضافے سے 281.615 ملین ڈالر ہوگئیں جو اگست 2025 میں 204.439 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔
ماہانہ بنیادوں پر بھی اکتوبر 2026 میں ٹیلی کام آلات کی درآمدات میں 28.35 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ستمبر 2026 میں یہ درآمدات 219.411 ملین ڈالر تھیں۔
پاکستان میں مقامی موبائل فون تیار اور اسمبل کرنے والے کارخانوں نے جنوری تا اکتوبر 2026 کے دوران 2 کروڑ 30 لاکھ 30 ہزار ہینڈ سیٹس تیار کیے جو اسی مدت کے دوران تجارتی بنیادوں پر درآمد کیے گئے 38 لاکھ 50 ہزار موبائل فونز کے مقابلے میں تقریباً چھ گنا زیادہ ہیں۔ یہ اعدادوشمار ملک کی موبائل فون طلب پوری کرنے میں مقامی پیداوار کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتے ہیں۔
پیداوار کے اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مارکیٹ میں مقامی طور پر اسمبل کیے گئے موبائل فونز کا حصہ نمایاں طور پر بڑھا ہے اور مقامی صنعت کار تجارتی درآمدات کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہینڈ سیٹس تیار کر رہے ہیں۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر 2026 میں مقامی صنعتکاروں نے 29 لاکھ 50 ہزار موبائل فونز اسمبل کیے جبکہ اس ماہ تجارتی بنیادوں پر تقریباً 10 لاکھ موبائل فونز درآمد کیے گئے۔
رواں سال کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران مقامی طور پر اسمبل کیے گئے 2 کروڑ 30 لاکھ 30 ہزار ہینڈ سیٹس میں سے تقریباً 96 لاکھ 20 ہزار اسمارٹ فونز تھے جبکہ لگ بھگ ایک کروڑ 30 لاکھ موبائل فونز 2 جی ٹیکنالوجی کے حامل تھے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ روایتی موبائل فونز اب بھی مقامی پیداوار میں نمایاں حصہ رکھتے ہیں۔
برانڈز کے لحاظ سے پیداواری اعدادوشمار کے مطابق جنوری تا اکتوبر 2026 کے دوران ویگو ٹیل پاکستان میں مقامی طور پر اسمبل کیے جانے والے موبائل فونز کا سرفہرست برانڈ بن کر ابھرا ہے۔ اس نے انفینکس کو پیچھے چھوڑ دیا جو 2024 اور 2025 میں مارکیٹ میں نمایاں مقام رکھتا تھا۔
رواں سال کے ابتدائی 10 ماہ میں ویگو ٹیل نے 35 لاکھ موبائل ڈیوائسز مقامی طور پر اسمبل یا تیار کیں جبکہ انفینکس 22 لاکھ 70 ہزار اور آئی ٹیل 20 لاکھ 30 ہزار یونٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ یہ اعدادوشمار موبائل فونز کے نمایاں برانڈز کی درجہ بندی میں اہم تبدیلی کی عکاسی کرتے ہیں۔
ٹیکنو 13 لاکھ 80 ہزار یونٹس کے ساتھ چوتھے، نوکیا 12 لاکھ 80 ہزار کے ساتھ پانچویں، سام سنگ 12 لاکھ کے ساتھ چھٹے اور ویوو 11 لاکھ 70 ہزار یونٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر رہا۔
کلب موبائل، کیو موبائل اور ای ٹاچی بالترتیب 9 لاکھ 30 ہزار، 7 لاکھ 70 ہزار اور 7 لاکھ 60 ہزار یونٹس کی پیداوار کے ساتھ ابتدائی 10 برانڈز میں شامل رہے۔ تازہ اعداد و شمار پاکستان کی مقامی موبائل فون اسمبلنگ انڈسٹری میں مسابقتی منظرنامے میں نمایاں تبدیلی کی نشاندہی کرتے ہیں،جہاں ویگو ٹیل نے اپنی سرفہرست پوزیشن مستحکم کرلی ہے۔
2025 میں انفینکس 36 لاکھ 50 ہزار یونٹس کے ساتھ مارکیٹ میں پہلے نمبر پر تھا جبکہ ویگو ٹیل 35 لاکھ 70 ہزار یونٹس کے ساتھ معمولی فرق سے دوسرے نمبر پر رہا۔ ویوو 28 لاکھ یونٹس کے ساتھ تیسرے اور آئی ٹیل 23 لاکھ 40 ہزار یونٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر تھا۔
تاہم ویگو ٹیل نے 2026 کے صرف 10 ماہ میں 35 لاکھ یونٹس اسمبل کیے جو 2025 کی اس کی مجموعی پیداوار کے تقریباً برابر ہیں۔ یہ اس کی مقامی مینوفیکچرنگ سرگرمیوں میں مسلسل پیش رفت کو ظاہر کرتا ہے۔ دوسری جانب انفینکس نے جنوری تا اکتوبر 2026 کے دوران 22 لاکھ 70 ہزار یونٹس اسمبل کیے جبکہ 2025 میں اس کی سالانہ پیداوار 36 لاکھ 50 ہزار یونٹس تھی۔
برانڈز کی درجہ بندی سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ نوکیا ایک بار پھر مقامی طور پر اسمبل کیے جانے والے سرفہرست 10 برانڈز میں شامل ہوگیا ہے جس نے جنوری تا اکتوبر 12 لاکھ 80 ہزار یونٹس تیار کیے۔ کلب موبائل اور ای ٹاچی نے بھی تازہ فہرست میں جگہ بنائی ہے۔
























Comments