ایران کا امریکی بحری ناکہ بندی کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام وسائل استعمال کرنے کا اعلان
- تیل کی برآمدات روکنے کی امریکی کوشش فوجی جارحیت ہے، ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ ایران امریکی بحری ناکہ بندی کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے تمام دستیاب وسائل استعمال کرے گا۔
ایران سے متعلق تیل کی برآمدات پر امریکی بحری ناکہ بندی 13 اپریل کو نافذ کی گئی تھی، تاہم واشنگٹن اور تہران کے درمیان مفاہمت کے مسودے پر اتفاق کے بعد جون میں اسے ختم کردیا گیا۔ معاہدہ ناکام ہونے کے بعد 14 جولائی کو یہ پابندی دوبارہ بحال کردی گئی۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ہم اس ناکہ بندی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے اور امریکی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے تمام وسائل استعمال کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بحری ناکہ بندی کو فوجی جارحیت تصور کیا جاتا ہے۔ ایران کو اس حوالے سے اپنے دفاع کے لیے ہر دستیاب ذریعہ استعمال کرنے کا حق حاصل ہے۔
دوسری جانب ٹینکر ٹریکرز ڈاٹ کام نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ خلیج میں ایک بحری جہاز، جہاز سے جہاز میں تیل کی منتقلی کے ذریعے ایرانی خام تیل لوڈ کر رہا ہے۔ یہ جہاز جولائی میں امریکی ناکہ بندی دوبارہ نافذ ہونے کے بعد ایران کا خام تیل کامیابی سے برآمد کرنے والا پہلا بحری جہاز بن سکتا ہے۔
























Comments