پاکستان اور عمان کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کا معاہدہ
- دونوں ممالک کا تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید فروغ دینے پر اتفاق
پاکستان اور عمان کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔ یہ معاہدہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور عمان کی کمپنی او کیو ٹریڈنگ کے درمیان کیا گیا ہے۔
معاہدے پر مسقط میں دستخط کیے گئے، اس موقع پر وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور عمان کے وزیر توانائی و معدنیات انجینئر سالم العوفی بھی موجود تھے۔
معاہدے کے تحت عمان کی کمپنی او کیو ٹریڈنگ، پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کے لیے 20 کروڑ ڈالر کی کریڈٹ سہولت بھی فراہم کرے گی۔
اس معاہدے کے ذریعے پی ایس او کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے لیے ایک مستقل تجارتی نظام قائم کیا جائے گا۔
اس پیش رفت کو پاکستان کی توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانے اور پیٹرولیم درآمدات کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے توانائی نے تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
دونوں وزرا نے پاکستان اور عمان کے درمیان تیل و گیس کے شعبوں میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا خیرمقدم کیا اور اس فورم کے ذریعے توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
عمان کی کمپنی او کیو ٹریڈنگ نے 2026 کے دوران پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو 10 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد پیٹرول فراہم کیا، جبکہ رواں سال کے اختتام تک پاکستان کو اس کی ایل پی جی کی فراہمی ایک لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔
دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں تجارتی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔




















Comments