سندھ میں لنڈالی ون کنویں سے گیس کی پیداوار شروع
- کنواں اس وقت روزانہ 10 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) گیس پیدا کر رہا ہے، جبکہ کنویں کے مقام پر گیس کا دباؤ 2,000 پاؤنڈ فی مربع انچ ہے
سندھ میں واقع ایکسپلوریٹری قدرتی گیس کے کنویں لنڈالی-1 سے گیس کی پیداوار شروع ہوگئی ہے، جبکہ گیس سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی) کو فراہم کی جا رہی ہے۔
اس پیش رفت کا انکشاف آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) اور ماری انرجیز نے بدھ کو اسٹاک ایکسچینج میں الگ الگ جمع کرائی گئی رپورٹس میں کیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ سکھ پور-II بلاک میں 30 فیصد ورکنگ انٹرسٹ پارٹنر کی حیثیت سے او جی ڈی سی ایل کو یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ لنڈالی-1 کنویں کو کامیابی سے کمیشن کر دیا گیا ہے، جبکہ پہلی گیس 06 ستمبر 2026 کو حاصل ہوئی۔
کنواں اس وقت روزانہ 10 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) گیس پیدا کر رہا ہے، جبکہ کنویں کے مقام پر گیس کا دباؤ 2,000 پاؤنڈ فی مربع انچ ہے۔
نوٹس کے مطابق کہ گیس سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی) کو فراہم کی جا رہی ہے۔
پرائم گلوبل انرجیز لمیٹڈ اس بلاک کی آپریٹر کمپنی ہے اور اس کا ورکنگ انٹرسٹ 25 فیصد ہے، جبکہ دیگر جوائنٹ وینچر پارٹنرز میں ماری کا ورکنگ انٹرسٹ 30 فیصد اور ترکش پیٹرولیم اوورسیز کمپنی لمیٹڈ کا 15 فیصد ہے۔
سکھ پور بلاک، جسے اب سکھ پور-II بھی قرار دیا گیا ہے، پاکستان کے صوبہ سندھ میں کیرتھر فولڈ بیلٹ بیسن میں واقع ہے اور کراچی سے تقریباً 270 کلومیٹر شمال میں ہے۔
او جی ڈی سی ایل نے بتایا کہ سکھ پور-II بلاک کے لیے پیٹرولیم کنسیشن ایگریمنٹ اور ایکسپلوریشن لائسنس 02 دسمبر 2025 سے مؤثر ہوئے۔
کمپنی نے کہا کہ لنڈالی-1 کی ڈرلنگ سابقہ جوائنٹ وینچر انتظام کے تحت کی گئی تھی، جس کے بعد موجودہ جوائنٹ وینچر نے اسے پیداوار میں شامل کیا۔
اس نے مزید کہا کہ کنویں سے پیداوار شروع ہونے سے قومی توانائی سپلائی میں اضافی مقامی گیس شامل ہو رہی ہے۔
او جی ڈی سی ایل پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای این ڈپی) کمپنی ہے۔ او جی ڈی سی ایل کے پاس پاکستان میں سب سے وسیع ایکسپلوریشن رقبہ موجود ہے، جو ملک کے مجموعی طور پر ایوارڈ کیے گئے اس رقبے کے 40 فیصد سے زائد پر محیط ہے جہاں تیل اور گیس کے خالص ہائیڈروکاربن موجود ہیں۔























Comments