بلوچستان میں بدامنی کیلئے غیر ملکی حمایت یافتہ پراکسیز استعمال کی جا رہی ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر
- بلوچستان کا حال اور مستقبل پاکستان کے حال و مستقبل سے جدا نہیں ہے، آرمی چیف
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان غیر ملکی سرپرستی یافتہ پراکسیز ہیں، جنہیں دشمن عناصر بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے، صوبے کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعے کو بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ایسے دشمن عزائم کو قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کے مضبوط، فیصلہ کن اور غیر متزلزل ردِعمل سے ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا حال اور مستقبل پاکستان کے حال اور مستقبل سے جدا نہیں، جبکہ یہ صوبہ باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باوقار عوام کا مسکن ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان کی معاشی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور صوبے کے وسیع انسانی و قدرتی وسائل کو عوام کی حقیقی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے واضح قومی بیانیے کے ساتھ دیرپا امن و استحکام ناگزیر ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ملک کے سب سے متحرک اور امید افزا طبقوں میں شامل ہیں۔ انہیں بااختیار بنانا اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
فیلڈ مارشل نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور برادری کے رہنماؤں کو امن کے فروغ، سماجی ہم آہنگی کے استحکام اور تعمیری قومی مکالمے کے فروغ پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے دشمن پروپیگنڈے کا جامع انداز میں مقابلہ کرنے، جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب کرنے اور بلوچستان و اس کے عوام کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور امنگوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تقدیر کا فیصلہ صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھ میں ہے۔اس موقع پر شرکا نے بلوچستان اور پاکستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے غیر ملکی سرپرستی یافتہ امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑے رہنے کا عہد کیا۔
























Comments