سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا میں کارروائی، 10 دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر
- ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد
سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو الگ الگ انٹیلیجنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گرد ہلاک کردیے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) پہلی کارروائی جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں کی گئی جہاں خوارج کے ایک گروہ نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش کی۔
سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنا دی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ خوارج ہلاک ہوگئے۔
دوسری کارروائی ضلع دیر میں کی گئی جہاں سکیورٹی فورسز نے ایک اور جھڑپ کے دوران مزید 2 خوارج کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا۔
بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے عناصر علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مختلف مطلوب مقدمات میں بھی درکار تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں موجود ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ خارجی کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
صدرِ مملکت اور وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان اور دیر میں فتنہ الخوارج کے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دس دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔
صدرِ مملکت نے جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی جنوبی وزیرستان اور ضلع دیر میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دس دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی پھیلانے والے عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔ آپریشن عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔ حکومت اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔


























Comments