وحدت پولٹری کا توسیعی منصوبوں کا اعلان
- اہم منظوریوں میں پاؤڈرڈ انڈے کی پروسیسنگ لائن کا قیام بھی شامل
وحدت پولٹری فارم لمیٹڈ نے 30 جون 2027 کو ختم ہونے والے مالی سال کے لیے اپنے سالانہ بجٹ اور کاروباری منصوبے کی منظوری دے دی ہے جبکہ ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے پورٹ فولیو کو مضبوط بنانے اور آپریشنل کارکردگی میں بہتری کے لیے متعدد اسٹریٹجک توسیعی منصوبوں کی بھی منظوری دے دی ہے۔
اسٹاک ایکسچینج کو جمع کرائے گئے نوٹس کے مطابق یہ فیصلے اسلام آباد میں منعقدہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیے گئے۔
اہم منظوریوں میں پاؤڈرڈ انڈے کی پروسیسنگ لائن کا قیام بھی شامل ہے جسے کمپنی کے پہلے سے منظور شدہ مائع پاسچرائزڈ انڈوں کے پلانٹ کے ساتھ ہی قائم کیا جائے گا۔
موجودہ عمارتوں، سہولیات اور بنیادی ڈھانچے سے استفادہ کرتے ہوئے کمپنی کو توقع ہے کہ وہ نمایاں لاگت بچت حاصل کرے گی جبکہ زیادہ منافع والے اور طویل مدت تک محفوظ رہنے والی مصنوعات کے شعبے میں بھی توسیع کرے گی۔
منصوبے کے لیے مالی معاونت بینک قرضے کے ذریعے حاصل کیے جانے کا امکان ہے تاہم اس کا انحصار بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے حتمی مالی شرائط کی منظوری پر ہوگا۔
بورڈ نے اناج ذخیرہ کرنے والے سائلوز کی خریداری اور تنصیب کی بھی منظوری دے دی جس سے کمپنی کی اناج ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں تقریباً 14 ہزار ٹن کا اضافہ ہو جائے گا۔ انتظامیہ کو توقع ہے کہ اس سرمایہ کاری سے نہ صرف آپریشنل اخراجات اور اناج کے ضیاع میں کمی آئے گی، بلکہ اس کی دیکھ بھال کی نسبتاً کم ضرورت سے بھی کمپنی کو فائدہ پہنچے گا۔
اس کے علاوہ بورڈ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ منصوبہ بند سرمایہ کاری جس میں انڈہ پاؤڈر پلانٹ، اناج ذخیرہ کرنے والے سائلوز، کمپنی کے موجودہ پولٹری فلاک کی تبدیلی اور متعلقہ ورکنگ کیپٹل کی ضروریات شامل ہیں کے لیے اضافی مالی وسائل درکار ہوں گے۔ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مالیاتی اداروں سے فنڈنگ کے مختلف آپشنز کا جائزہ لے اور منظوری کے لیے بورڈ کے سامنے تفصیلی مالیاتی تجاویز پیش کرے۔
کمپنی نے بیان کیا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد آپریشنل کارکردگی کو سپورٹ کرنا، ویلیو ایڈڈ پیداواری صلاحیت کو بڑھانا اور وحدت پولٹری کو طویل مدتی پائیدار ترقی کے لیے مستحکم کرنا ہے۔
رواں سال مئی میں وحدت پولٹری فارم لمیٹڈ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر لسٹ ہونے کے منصوبوں کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد تقریباً 637 ملین روپے (2.3 ملین امریکی ڈالر) جمع کرنا ہے کیونکہ کمپنی اپنی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے اور ویلیو ایڈڈ انڈوں کی مصنوعات میں تنوع لانے کے لیے کوشاں ہے۔























Comments