امریکا نے مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث ملک گیر فضائی آپریشن کی بندش ختم کردی
- فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق جمعہ کو 4,700 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں
امریکی وفاقی ادارہ برائے ہوا بازی (ایف اے اے) نے ملک بھر میں پروازوں کی روانگی پر عائد پابندی ختم کردی۔ یہ پابندی ایئر ٹریفک کنٹرول کے مراکز میں مواصلاتی نظام کی خرابی کے باعث لگائی گئی تھی جس کے نتیجے میں ہوائی اڈوں پر افراتفری پھیل گئی اور 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد امریکا میں ملک گیر سطح پر پروازوں کی بندش کا سب سے طویل واقعہ پیش آیا۔
فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق جمعہ کو 4,700 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ 10,000 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جب کہ ہفتے کے روز کے لیے بھی پہلے ہی 700 پروازیں منسوخ کی جاچکی تھیں۔ فضائی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں چار گھنٹے سے زائد وقت تک پروازوں کی معطلی کے بعد ایئرلائنز کو اپنے پروازوں کے معمولات بحال کرنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔
امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے کہا کہ ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جن سے یہ ظاہر ہو کہ مواصلاتی نظام میں پیدا ہونے والی خرابی کسی سائبر حملے کا نتیجہ تھی۔
یہ خرابی امریکی فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام پر بڑھتے ہوئے دباؤ کی تازہ ترین اور سب سے سنگین علامت ہے۔ یہ نظام پہلے ہی آلات اور مواصلاتی نظام کے مسائل، ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی کمی اور پرانے انفرااسٹرکچر جیسے مسائل سے دوچار ہے۔
11 ستمبر کے حملوں کے بعد ملک گیر سطح پر پروازوں کی بندش کا واحد دوسرا واقعہ جنوری 2023 میں پیش آیا تھا جب ایف اے اے نے تقریباً 90 منٹ کیلئے ملک کے اندر روانہ ہونے والی تمام پروازیں روک دی تھیں۔
























Comments