معیشت کو فروغ دینے کیلئے حکومت کا بڑا فیصلہ، کراچی پورٹ کے ٹیرف میں 5 فیصد اضافہ معطل
وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کی جانب سے مالی سال 2026-27 کے لیے مجوزہ 5 فیصد ٹیرف اضافے کو معطل کردیا گیا ہے۔
ایک بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اس فیصلے سے درآمد کنندگان، برآمد کنندگان اور عام عوام کو مجموعی طور پر 500 ملین روپے سے زائد کا ریلیف ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کاروباری برادری پر مالی بوجھ کم کرنے اور تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کے وفاقی حکومت کے عزم کے عین مطابق ہے۔
بندرگاہیں معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور پورٹ چارجز میں کوئی بھی اضافہ براہِ راست کاروبار کرنے کی لاگت میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔
جنید انور چوہدری نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے بلیو اکانومی وژن کے مطابق تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے اور معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے مجوزہ ٹیرف اضافے کو روک دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیرف برقرار رکھنے سے ملکی برآمدات بین الاقوامی منڈیوں میں مسابقتی رہیں گی جب کہ بندرگاہی سہولتیں استعمال کرنے والے درآمد کنندگان بھی اضافی اخراجات سے محفوظ رہیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے گا، برآمدی شعبے کو مضبوط کرے گا اور جاری معاشی چیلنجز کے دوران معیشت کو مثبت سہارا فراہم کرے گا۔





















Comments