اسٹاک مارکیٹ میں سیمنٹ سیکٹر کی قیادت میں تیزی کی لہر، انڈیکس 2700 پوائنٹس بڑھ گیا
- سیمنٹ سیکٹر متحرک، ا نڈیکس 172,399.90 پوائٹس پر جاپہنچا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں زبردست تیزی دیکھی گئی جہاں سیمنٹ کے شعبے میں تیزی کے باعث بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں تقریباً 2,700 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کاروباری دن کے دوران مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار رہا کیونکہ اہم شعبوں میں جارحانہ خریداری کی وجہ سے سرمایہ کاروں کے حوصلے بلند نظر آئے۔ اس تیزی کے نتیجے میں انڈیکس کاروباری دن کی بلند ترین سطح 173,093.45 پوائنٹس تک پہنچ گیا، جبکہ دن کی کم ترین سطح 170,946.54 پوائنٹس رہی۔
پورے دن انڈیکس واضح طور پر مثبت زون میں رہا، جو مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی وسیع پیمانے پر شرکت اور مسلسل اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 2,696.30 پوائنٹس یا 1.59 فیصد اضافے کے ساتھ 172,399.90 کی سطح پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ جمعرات کو 100 انڈیکس 276.16 پوائنٹس یا 0.16 فیصد اضافے کے ساتھ 169,703.60 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ میں امن معاہدہ طے پا جانے کی امیدوں کے باعث جمعہ کو ایشیائی حصص بازار بھی عالمی منڈیوں میں آنے والی تیزی کی لہر میں شامل ہو گئے۔
جاپان کے علاوہ ایشیان پیسیفک کے حصص کے ایم ایس سی آئی کے وسیع ترین انڈیکس میں 3.2 فیصد کا اچھال دیکھا گیا جس کی قیادت جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں 7.4 فیصد کا زبردست اضافہ کررہا تھا جبکہ جاپان کا نکیی انڈیکس 2.7 فیصد بڑھ گیا۔
چین کے بلیو چِپ سی ایس آئی 300 انڈیکس میں 1 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس نے 1.3 فیصد کا منافع حاصل کیا۔
رواں ہفتے کے آغاز میں رات کے وقت امریکی بازارِ حصص (وال اسٹریٹ) میں زبردست تیزی دیکھی گئی جہاں تینوں بڑے انڈیکسز نے 8 اپریل کے بعد اپنی سب سے بڑی روزانہ کی برتری ریکارڈ کی جب امریکہ اور ایران کے درمیان عارضی جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا۔ ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کے مارکیٹ میں شاندار ڈیبیو کی توقعات کے باعث نیسڈیک انڈیکس 2.5 فیصد اوپر چلاگیا۔
دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.01 فیصد کا معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ کاروبار کے اختتام پر مقامی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں 3 پیسے کے اضافے کے ساتھ 278.32 روپے پر بند ہوئی۔
آل شیئر انڈیکس میں کاروباری حجم (والیم) گزشتہ سیشن کے 77 کروڑ 19 لاکھ (771.93 ملین) شیئرز سے بڑھ کر 89 کروڑ 8 لاکھ (890.80 ملین) شیئرز ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح شیئرز کی مجموعی مالیت بھی گزشتہ سیشن کے 27 ارب 5 کروڑ (27.05 ارب) روپے سے بڑھ کر 41 ارب 98 کروڑ (41.98 ارب) روپے تک پہنچ گئی۔
کاروبار کے لحاظ سے کوہ نور اسپننگ 5 کروڑ 77 لاکھ (57.75 ملین) شیئرز کے ساتھ پہلے، بینک آف پنجاب 5 کروڑ 29 لاکھ (52.92 ملین) شیئرز کے ساتھ دوسرے، جبکہ ستارہ پیٹرولیم 5 کروڑ 26 لاکھ (52.65 ملین) شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
جمعہ کو مارکیٹ میں مجموعی طور پر 488 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، جن میں سے 282 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 167 میں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ 39 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں مستحکم (برقرار) رہیں۔

























Comments