کراچی واٹر فرنٹ ڈیولپمنٹ: پاکستان، سعودی عرب اور مقامی شراکت داروں کے درمیان معاہدہ طے
- منصوبے میں جدید تجارتی انفرااسٹرکچر شامل کرنے کا تصور پیش کیا گیا
پاکستان نے سعودی اور مقامی شراکت داروں کے ساتھ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کی قیمتی واٹر فرنٹ پر جدید میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ کے قیام کیلئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کردیے۔
پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور جنید انور نے بتایا کہ مفاہمتی یادداشت پر کے پی ٹی، سعودی بزنس کونسل–نجد گیٹ وے ہولڈنگ کمپنی، عارف حبیب ڈولمین رئیٹ مینجمنٹ لمیٹڈ اور پاکستان کارپوریٹ کنسورشیم کے درمیان دستخط کیے گئے۔
یہ منصوبہ کراچی میں ایم ٹی خان روڈ پر واقع کراچی پورٹ ٹرسٹ کی 140 ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جائے گا جس کا مقصد اس علاقے کو ایک بڑے تجارتی اور میری ٹائم حب میں تبدیل کرنا ہے۔
منصوبے میں جدید تجارتی انفرااسٹرکچر شامل کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے جس کا مقصد سرمایہ کاری کو راغب کرنا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور شہری ترقی کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر انور چوہدری نے کہا یہ اسٹریٹجک اشتراک کراچی پورٹ ٹرسٹ کے واٹر فرنٹ اثاثوں کی مکمل استعداد کو بروئے کار لانے اور پاکستان کو خطے میں میری ٹائم تجارت اور سرمایہ کاری کے ایک اہم مرکز کے طور پر مستحکم کرنے کا ایک انقلابی موقع ہے
انہوں نے کہا کہ منصوبے پر عملدرآمد سے قبل پاکستان کے قوانین کے تحت تمام ریگولیٹری اور قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
سعودی وفد کے ارکان نے میری ٹائم سیکٹر میں وسیع تر تعاون بشمول پورٹ انفرااسٹرکچر اور متعلقہ منصوبوں میں ممکنہ شمولیت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
جنید چوہدری نے کہا کہ یہ دورہ اسلام آباد اور ریاض کی جانب سے اقتصادی تعلقات کو گہرا کرنے اور بندرگاہوں، لاجسٹکس، انفراسٹرکچر اور تجارتی سہولیات میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری منظوریوں سے مشروط، یہ منصوبہ خطے کے سب سے بڑے ساحلی تجارتی (واٹر فرنٹ کمرشل) منصوبوں میں سے ایک بن سکتا ہے۔



















Comments