پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ راجہ ناصر عباس سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر
- چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے رہنما اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے حامی سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ۔
آج نیوز کے ذرائع کے مطابق اعظم نذیرتارڑ، رانا ثنا، طارق فضل نے سینیٹ کے اپوزیشن لیڈر بننے پر راجا ناصرعباس کو مبارکباد پیش کی۔
دیگرسینیٹرزنے بھی راجا ناصر عباس کو اپوزیشن لیڈر بننے پر مبارکباد دی۔
سینیٹ سیکرٹریٹ نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرکی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن قائم مقام سیکرٹری سینیٹ کے دستخط سے جاری کیا گیا۔ نوٹیفکیشن کی کاپی علامہ راجا ناصرعباس اور ارکان سینیٹ کو بھی بھجوا دی گئی۔
یہ فیصلہ سینیٹ کے رولز اور قوانین کا بغور جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔ شبلی فراز کی نشست خالی ہونے کے بعد اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی تھا، جس کے بعد نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ناصر عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں عمران خان کا وفادار ساتھی ہوں۔ مجھے سینیٹر عمران خان ہی نے بنایا۔ میں اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کروں گا اور نہ ہی آئین کی کسی خلاف ورزی کا حصہ بنوں گا۔ پاکستان کے تحفظ اور سلامتی کے لیے میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی بحران ختم کرنے کا واحد حل یہی ہے کہ قیدِ تنہائی میں موجود سابق وزیراعظم عمران خان کو رہا کیا جائے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی میں اسپیکر ایاز صادق نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر مقرر کیا تھا۔

























Comments