پریمیم ٹیکسٹائل کا 7.5 میگاواٹ ونڈ ٹربائن کیلئے 41.5 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان
- مذکورہ منصوبے کی تکمیل کے بعد توانائی کے مجموعی نظام میں قابلِ تجدید ذرائع کا حصہ نمایاں طور پر بڑھ جائے گا
پاکستان کی ایک ٹیکسٹائل فرم پریمیم ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ نے 7.5 میگاواٹ کے ونڈ ٹربائن کی تنصیب کے لیے 41.5 لاکھ ڈالر مالیت کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے جس کے ذریعے کمپنی اپنے قابلِ تجدید توانائی کے دائرہ کار کو مزید وسعت دے گی۔
کپاس اور پولی ایسٹر یارن کی تیاری اور فروخت سے وابستہ کمپنی نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایک) کو جمع کرائے گئے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس میں بتایا گیا کہ پریمیئم ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 24 نومبر 2025 کی سرکولر قرارداد کے ذریعے 7.5 میگاواٹ ونڈ ٹربائن کی خریداری کی منظوری دے دی ہے جس کی تخمینی لاگت 4.15 ملین ڈالر ہے۔
کمپنی کے مطابق مذکورہ منصوبے کی تکمیل کے بعد توانائی کے مجموعی نظام میں قابلِ تجدید ذرائع کا حصہ نمایاں طور پر بڑھ جائے گا۔
پاکستان میں کمپنیاں پائیدار توانائی کے فروغ اور روایتی بجلی پر انحصار کم کرنے کے لیے تیزی سے قابلِ تجدید ذرائع کی طرف منتقل ہورہی ہیں۔
پریمیم ٹیکسٹائلز نے بتایا کہ وہ پہلے ہی 20 میگاواٹ سولر پاور جنریشن کی تنصیب مکمل کرچکی ہے جبکہ ایک پہلے سے منظور شدہ منصوبے کے تحت 7.5 میگاواٹ کے ونڈ ٹربائن کی تنصیب پر کام جاری ہے۔
کمپنی کے مطابق موجودہ مجوزہ 7.5 میگاواٹ ونڈ ٹربائن کی تنصیب کے بعد کمپنی کی مجموعی ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت بڑھ کر 15 میگاواٹ ہوجائے گی۔
ٹیکسٹائل کمپنی نے بتایا کہ نیا ٹربائن 2026 کی آخری سہ ماہی تک مکمل اور کمیشن کیے جانے کی توقع ہے۔
15 میگاواٹ کے ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے ٹربائن (7.5×2) کی تنصیب کے بعد کمپنی سالانہ تقریباً 55.2 گیگاواٹ گھنٹے بجلی پیدا کرسکے گی جبکہ ہر سال 30 ہزار میٹرک ٹن کاربن کے اخراج سے بچا جائے گا۔
کمپنی نے مزید بتایا کہ یہ منصوبہ سولر اور ونڈ دونوں ذرائع سے حاصل شدہ قابل تجدید توانائی کے امتزاج کے ذریعے اس کی مجموعی توانائی کی ضروریات کا تقریباً 67 فیصد پورا کرے گا۔
بجلی کی بندش اور ٹیرف میں اضافے نے پاکستانی صارفین کو قابل تجدید توانائی، خصوصاً سولر اپنانے کی رفتار تیز کرنے پر مجبور کردیا ہے۔
اس سے قبل جون میں کیمیکلز بنانے والی کمپنی ڈائینیا پاکستان لمیٹڈ نے حب میں 1.1 میگاواٹ کے کیپٹو ونڈ پاور منصوبہ لگانے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

























Comments
Comments are closed.