بلوچستان کے علاقے کوہلو میں فائرنگ سے 11 کان کن جاں بحق
- وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے بے گناہ مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث عناصر کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم ظاہر کیا
بلوچستان کے ضلع کوہلو میں اتوار کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے کم از کم 11 مزدوروں کو قتل کردیا۔
آج نیوز کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ واقعہ تحصیل جندران میں پیش آیا، جہاں تمام جاں بحق افراد کوئلے کی کان میں مزدوری کرتے تھے۔
ایس پی کوہلو طیب اقبال نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے 11 مزدوروں میں سے دو کی شناخت ہوگئی ہے، جن کا تعلق ضلع دکی سے تھا، جبکہ باقی 9 افراد کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کوہلو میں مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنانے کو انتہائی قابل مذمت اور غیر انسانی فعل قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور محنت کشوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث عناصر کی فوری نشاندہی کی جائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے مزدوروں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔
انہوں نے بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنانے کو انتہائی سفاکانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ فائرنگ میں ملوث عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔























Comments