وزیراعظم کا مشکل فیصلوں کے ذریعے ملک کو قرضوں کے بوجھ سے نکالنے کا عزم
- پاکستان پائیدار معاشی ترقی کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات اور ٹیکس چوری کی روک تھام سمیت مشکل معاشی فیصلے کر رہا ہے، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو بڑھتے ہوئے قرضوں کے بوجھ سے نجات دلانے کے لیے سخت معاشی فیصلوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پوری قوم، سیاسی جماعتیں اور معاشرے کے تمام طبقات متحد ہو جائیں تو آئندہ چند برسوں میں ملک کو اس بھاری قرضوں کے بوجھ سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔
اتوار کو اسلام آباد میں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اگر پوری قوم، تمام سیاسی جماعتیں اور معاشرے کا ہر طبقہ اس اجتماعی فیصلے میں شریک ہو تو وہ ضمانت دیتے ہیں کہ آنے والے برسوں میں پاکستان کو قرضوں کے بھاری بوجھ سے نجات دلانے میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، جبکہ زراعت، لائیو اسٹاک اور معدنی وسائل پر زیادہ توجہ دینے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک کے لیے خاطر خواہ زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ادارہ جاتی اصلاحات، خسارے اور بدعنوانی کا شکار اداروں کی بندش اور غیر ضروری سبسڈیز کا خاتمہ ملک کو پائیدار معاشی بنیادوں پر استوار کرنے اور عالمی برادری میں نمایاں مقام دلانے کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی برس کے دوران حکومت نے مشکل اور تکلیف دہ اصلاحات متعارف کرائیں، جن کا سب سے زیادہ بوجھ عام شہریوں نے برداشت کیا۔ تاہم اب پاکستان معاشی استحکام حاصل کر چکا ہے اور معیشت کو مسلسل غیر یقینی صورتحال سے نکال لیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مہنگے قرضے لینے کا متحمل نہیں ہو سکتا، بعض قرضوں پر شرح سود 6 سے 8 فیصد تک ہے، جبکہ نسبتاً سستے قرضوں پر بھی تقریباً 3 فیصد سود ادا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرضوں پر انحصار کم کرنے کے لیے محنت، مسلسل کوششوں اور اجتماعی عزم کی ضرورت ہے۔
معاشی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال ملک کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں 3.5 فیصد اضافے کا تخمینہ ہے، تاہم حکومت اسے بڑھا کر کم از کم 6 فیصد تک لے جانے کا ہدف رکھتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں برآمدات میں 8 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ آئی ٹی کی برآمدات ایک سال قبل تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر کے مقابلے میں بڑھ کر 4.6 ارب ڈالر ہو گئی ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر بھی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، تاہم گزشتہ آٹھ دہائیوں کے دوران اس شعبے کو وہ توجہ نہیں دی گئی جس کا یہ مستحق تھا۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور لائیو اسٹاک کی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے سے ملکی معیشت میں بڑی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کی ترقی، بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور فنی تربیت کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر بھی زور دیا اور کہا کہ ملک کی نوجوان آبادی ایک بڑا موقع ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، انہیں تعلیم اور جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ملک کی مستقبل کی خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔
مالیاتی اصلاحات کے حوالے سے وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت نے مالی سال 2025-26 کے دوران ٹیکس چوری کی روک تھام، بالخصوص سیلز ٹیکس کے شعبے میں کارروائیوں کے ذریعے 900 ارب روپے وصول کیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ رقم تھی جو ملی بھگت، ٹیکس چوری اور بدعنوانی کے باعث قومی خزانے کو حاصل نہیں ہو رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ فوجی قیادت کے تعاون سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے بدعنوان عناصر کے خاتمے میں بھی پیش رفت ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے ٹیکس چوری، غیر ضروری اخراجات اور ایسے صنعتی شعبوں کو سبسڈیز کی فراہمی کو معیشت کے بڑے مسائل قرار دیا جنہیں حکومتی مالی معاونت کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران سبسڈیز پر کھربوں روپے خرچ کیے گئے، جس سے قومی خزانے پر اضافی بوجھ پڑا۔
انہوں نے پاکستان ورکس ڈپارٹمنٹ اور یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش کو ادارہ جاتی اصلاحات کی مثالیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد بدعنوانی پر قابو پانا اور غیر ضروری سرکاری اخراجات کم کرنا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک کی مد میں 50 ارب روپے ادا کیے، تاہم توقع ہے کہ اس اقدام سے مستقبل میں سیکڑوں ارب روپے کے اخراجات کی بچت ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران مستحق خاندانوں کو مالی امداد کی فراہمی کے لیے بعد ازاں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعے ڈیجیٹل والٹس کا استعمال کیا گیا، تاکہ امداد شفاف اور باعزت انداز میں مستحقین تک پہنچائی جا سکے۔
ان کے مطابق حکومت نے اس مقصد کے لیے رواں سال 27 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
علاقائی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے 47 سال بعد ایران اور امریکا کو اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کیا، جس کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کوششیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ ان سفارتی کوششوں کے نتیجے میں جون میں اسلام آباد میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے، جبکہ پاکستان خطے میں امن کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
شہباز شریف نے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے ساتھ دفاعی معاہدوں سے اسٹریٹجک تعاون مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ سہ فریقی شراکت داری کسی ملک کے خلاف نہیں اور نہ ہی اس کے کوئی جارحانہ عزائم ہیں۔
گزشتہ سال بھارت کے ساتھ ہونے والی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مؤثر جواب دیا، جبکہ مسلح افواج کو پوری قوم کی بھرپور حمایت حاصل رہی۔
وزیراعظم نے ملک میں آبادی میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک سنگین چیلنج قرار دیا، جو معاشی ترقی کو متاثر کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ان کی نگرانی میں ڈاکٹر شبانہ کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے، جس میں وزارت منصوبہ بندی اور وزارت صحت کے نمائندے شامل ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ آبادی میں تقریباً 2.5 سے 2.75 فیصد سالانہ اضافے کی شرح پائیدار معاشی ترقی کے حصول اور غربت میں کمی کی کوششوں کو مشکل بنا سکتی ہے۔
معدنی وسائل کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت خام مال کی برآمد پر انحصار کرنے کے بجائے مقامی سطح پر پروسیسنگ اور مصنوعات کی تیاری کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیوں کو ابتدائی طور پر خام مال برآمد کرنے کی اجازت دی جائے گی، تاہم طے شدہ معاہدوں کے تحت انہیں ملک میں پروسیسنگ پلانٹس بھی قائم کرنا ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں دریاؤں سے سونے کی غیر قانونی کان کنی پر قابو پا لیا گیا ہے، جبکہ منظم اور ضابطہ کار نظام کے تحت کان کنی کے شعبے کو ترقی دینے کی کوششیں جاری ہیں۔
وزیراعظم نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ معاشی ترقی کے لیے سیاسی استحکام اور عوامی فلاح کے منصوبوں کا تسلسل ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کے انتخابی مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے اور سابقہ حکومتوں کے شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کو بند کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 21.6 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں، جو تقریباً تین ماہ کی درآمدات کے لیے کافی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے منافع اور ڈیویڈنڈز کی مد میں واجب الادا تقریباً 4.5 ارب ڈالر کی ادائیگیاں بھی کلیئر کر دی ہیں، جو 2023 میں جمع ہونا شروع ہوئی تھیں اور اس عمل کو مکمل کرنے میں تقریباً دو سال لگے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں دو بڑے کاروباری گروپس نے دلچسپی ظاہر کی ہے، جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل بھی جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی اور ترک سرمایہ کاروں نے بھی اس شعبے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خودمختار ضمانتوں کے بغیر تقریباً 3 ارب ڈالر حاصل کیے ہیں، جبکہ مقامی سرمایہ کاروں نے گزشتہ مالی سال کے دوران 11 ابتدائی عوامی پیشکشیں (آئی پی اوز) متعارف کرائیں اور رواں مالی سال اب تک مزید 6 آئی پی اوز پیش کی جا چکی ہیں۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد نے بھی ورکشاپ کے شرکاء کو گرین اکانومی، نوجوانوں کی فنی مہارتوں میں اضافے، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، تعلیم اور مصنوعی ذہانت سے متعلق حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔






















Comments