2027 میں کیا ہوگا؟ پانچ اہم عالمی واقعات پر نظر
- ایل نینو، امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس کا کنٹرول اور عالمی کھیل توجہ کا مرکز ہوں گے
سال 2027 میں عالمی درجہ حرارت میں اضافے سے لے کر امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس کے کنٹرول اور ایک اور مکمل سورج گرہن تک کئی اہم واقعات متوقع ہیں۔ آئندہ سال کے پانچ بڑے واقعات میں موسمیاتی تبدیلی، امریکی سیاست، فرانس کے صدارتی انتخابات، خواتین کا فٹ بال ورلڈ کپ اور فلکیاتی مظاہر شامل ہیں۔
ایل نینو اور بڑھتی گرمی
ایل نینو کے انتہائی طاقتور دور میں شامل ہونے کے باعث 2027 میں عالمی درجہ حرارت کے نئے ریکارڈ قائم ہوسکتے ہیں۔ یہ قدرتی موسمیاتی رجحان بحرالکاہل سے ہر دو سے سات سال بعد ابھرتا ہے، جو عالمی بارشوں کے نظام میں تبدیلی اور دنیا کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت بڑھانے کا سبب بنتا ہے۔
اس سال ایل نینو وسطی امریکا میں مکئی، پیرو میں ماہی گیری اور جنوب مشرقی ایشیا میں چینی اور چاول کی پیداوار کو متاثر کرچکا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت کے کاویہ زاہدی کے مطابق بعض علاقوں میں فصلوں اور غذائی قیمتوں پر اس کے بدترین اثرات ابھی سامنے آنا باقی ہیں۔
امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس
جنوری میں امریکی کانگریس کے دونوں ایوانوں پر ڈیموکریٹس کا کنٹرول صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آخری دو سالہ دور کو تبدیل کرسکتا ہے۔ ڈیموکریٹس صحت بیمہ سبسڈی بحال کرنے، صحت کے شعبے میں کٹوتیاں واپس لینے اور ٹرمپ کے ٹیرف ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ وہ ایران جنگ کے خاتمے کے بھی خواہاں ہیں۔
ڈیموکریٹس تحقیقات کے ذریعے ٹرمپ کے خاندان کے کاروبار، مبینہ بدعنوانی، امیگریشن اور ایران جنگ کے معاملات اٹھا سکتے ہیں۔ تاہم قانون سازی اور صدارتی فیصلوں کو روکنے کے لیے انہیں کئی آئینی رکاوٹوں کا سامنا ہوگا۔
فرانس کے صدارتی انتخابات
ایمانوئل میکرون 10 سال اقتدار میں رہنے کے بعد اپریل 2027 میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے بعد عہدہ چھوڑ دیں گے۔ انتخابات میں پنشن، امیگریشن، سکیورٹی اور یوکرین کی صورتحال اہم موضوعات ہوں گے۔ انتہائی دائیں بازو کی رہنما میرین لے پین اور بائیں بازو کے رہنما ژاں لوک میلانشوں انتخابی دوڑ میں نمایاں ہیں۔
مکمل سورج گرہن
2 اگست 2027 کو مکمل سورج گرہن ہوگا، جس کے دوران دن مختصر وقت کے لیے رات میں تبدیل ہوجائے گا۔ یہ اسپین کے جنوبی حصے، شمالی افریقا اور مشرق وسطیٰ میں دیکھا جاسکے گا۔ گرہن کے مرکزی راستے میں چھ منٹ سے زیادہ تاریکی متوقع ہے، خصوصاً مصر کے اہرام کے قریب شاندار مناظر دیکھنے کا موقع ہوگا۔
خواتین کا فٹ بال ورلڈ کپ
برازیل 2027 میں خواتین کے فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔ دفاعی چیمپئن اسپین، انگلینڈ اور امریکا کو مضبوط امیدوار سمجھا جارہا ہے۔ فائنل 25 جولائی کو مشہور ماراکانا اسٹیڈیم میں ہوگا۔
کلب فٹ بال میں پیرس سینٹ جرمین مسلسل تیسری چیمپئنز لیگ ٹرافی جیتنے کی کوشش کرے گا۔ فائنل 5 جون کو میڈرڈ کے میٹروپولیٹانو اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔























Comments