روسی فوج کا کیف پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ، شاپنگ سینٹر سمیت متعدد عمارتیں متاثر
- یوکرین اور روس دونوں ایک دوسرے پر شہری مقامات کو نشانہ بنانے کے الزامات کی تردید کرتے ہیں
روسی افواج نے بدھ کی رات یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک شاپنگ سینٹر اور دو دیگر عمارتیں نشانہ بنیں۔ کیف کے میئر وٹالی کلِٹسکو نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کارروائی جاری ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے عینی شاہدین کے مطابق شہر میں زور دار دھماکوں کے دو سلسلے سنے گئے۔ کلِٹسکو نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ محفوظ پناہ گاہوں میں رہیں۔
میئر کے مطابق حملے میں تین افراد زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ میزائلوں نے دریائے ڈنیپرو کے مشرقی کنارے پر واقع ایک شاپنگ سینٹر اور دو دیگر عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ یہ دریا شہر کو دو حصوں میں تقسیم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ستمبر سے روسی افواج کیف اور یوکرین کے دیگر شہروں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہیں۔
اس ہفتے کے آغاز میں یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے انٹیلی جنس اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ روسی افواج یوکرین پر ایک بڑے نئے حملے کی تیاری کر رہی ہیں۔
یوکرین اور روس دونوں ایک دوسرے پر شہری مقامات کو نشانہ بنانے کے الزامات کی تردید کرتے ہیں۔























Comments