یوکرین کے شہر زاپوریزیا پر روسی حملہ، 2 افراد ہلاک، 22 زخمی
- زاپوریزیا کی علاقائی دفاعی کونسل کے شریک سربراہ ایوان فیدوروف نے منگل کو ٹیلی گرام پر بتایا کہ حملہ رات گئے کیا گیا
یوکرین کے شہر زاپوریزیا پر روسی حملے میں 2 افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔ زاپوریزیا کی علاقائی دفاعی کونسل کے شریک سربراہ ایوان فیدوروف نے منگل کو ٹیلی گرام پر بتایا کہ حملہ رات گئے کیا گیا۔
ان کے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر جاری تصاویر میں ایک رہائشی عمارت کو پہنچنے والے نقصان کو دیکھا جاسکتا ہے، جس کی کھڑکیاں ٹوٹ چکی تھیں جبکہ اطراف میں ملبہ بکھرا ہوا تھا۔
اس سے قبل علاقائی گورنر میخائیلو سیمیکن نے کہا تھا کہ روسی حملے کے بعد ملبے تلے افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ حملے میں اپارٹمنٹس، نجی عمارتوں، ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب روسی خبر رساں ادارے انٹرفیکس نے وزارتِ دفاع کے حوالے سے بتایا کہ روسی فوج نے یوکرین کے علاقے سومی میں ڈرون کنٹرول مراکز، اسٹارلنک سیٹلائٹ ٹرمینلز اور دیگر فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس میں فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز آزادانہ طور پر اس رپورٹ کی تصدیق نہیں کرسکا۔ روس اور یوکرین دونوں شہریوں کو دانستہ نشانہ بنانے کی تردید کرتے ہیں۔




















Comments