فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے بزنس مین پینل (بی ایم پی) نے پاکستان کے مقامی توانائی وسائل کی تلاش اور ترقیاتی سرگرمیاں تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سمندر میں موجود وسیع غیر دریافت شدہ توانائی کے ذخائر درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے، توانائی کے تحفظ کو بہتر بنانے اور صنعتوں کی پائیدار ترقی میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔
بزنس مین پینل (بی ایم پی) کے چیئرمین میاں انجم نثار نے اتوار کو کہا کہ درآمدی تیل اور گیس پر پاکستان کا انحصار بدستور زرمبادلہ ذخائر پر دباؤ ڈال رہا ہے، ملکی درآمدی بل میں اضافہ کر رہا ہے اور کاروباری اداروں و صارفین کو عالمی منڈی میں توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات سے دوچار کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس لیے ملکی وسائل کو ترقی دینا پاکستان کی طویل مدتی معاشی حکمت عملی کا اہم حصہ ہونا چاہیے۔
کراچی کی بندرگاہ پر جدید سیسمک تحقیقاتی جہاز کی آمد اور دریائے سندھ و مکران کے بیسنز میں سمندر کے اندر توانائی کے ذخائر کی تلاش کے لیے سروے شروع ہونے سے پاکستان کے وسیع مگر بڑی حد تک غیر دریافت شدہ سمندری توانائی کے امکانات ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
توقع ہے کہ اس تازہ اقدام سے تلاش کے لیے کنوؤں کی کھدائی کی راہ ہموار ہوگی جبکہ سیسمک ڈیٹا کے جائزے سے مشروط ابتدائی سرگرمیاں 2027 کی چوتھی سہ ماہی میں شروع کرنے کا ہدف ہے۔
























Comments