پاکستان کی بچتیں غلط جگہوں پر، سرمایہ کاری کا رخ پیداواری شعبوں کی جانب موڑنے کی ضرورت
- پاکستانی خاندان اپنی جمع پونجی بینکوں کے بجائے زمین، سونے اور ڈالر میں محفوظ کر رہے ہیں، جس سے صنعت، زراعت، روزگار اور برآمدات کو مطلوبہ سرمایہ نہیں مل رہا
پاکستان کے کسی بھی خاندان سے پوچھیں کہ اس کی جمع پونجی کہاں رکھی ہے تو شاذ و نادر ہی جواب ملے گا کہ بینک میں۔ زیادہ تر لوگ کسی رہائشی علاقے میں پلاٹ، الماری میں رکھے چند تولے سونے، ہنگامی حالات کے لیے جمع کیے گئے ڈالر یا ہر ماہ رقم نکلنے والی کمیٹی کا ذکر کریں گے۔ ہر کوئی بچت کرتا ہے، لیکن بہت کم لوگ اپنی رقم اس انداز میں محفوظ کرتے ہیں جس سے ملک کی صنعتوں، کھیتوں یا برآمدات میں اضافہ ہو۔
یہی اس اعدادوشمار کے پیچھے چھپی خاموش حقیقت ہے جس پر پالیسی ساز اکثر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ پاکستان میں قومی بچت کی شرح جنوبی ایشیا کے کم ترین درجے میں شامل ہے۔ لوگوں کو بار بار کہا جاتا ہے کہ وہ ’’زیادہ بچت کریں‘‘، گویا مسئلہ کفایت شعاری کا ہو، حالانکہ اصل مسئلہ یہ نہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ ہماری بچتوں کا رخ کس طرف ہے اور بالآخر یہ سرمایہ کہاں جا کر ٹھہرتا ہے۔
پلاٹ خریدنے والا چچا
لاہور یا کراچی کے کسی متوسط طبقے کے گھرانے کا تصور کریں۔ خاندان کے سربراہ کی آمدنی محدود ہے، تاہم انہوں نے کچھ رقم بچا رکھی ہے۔ ان کے سامنے موجود راستے زیادہ پیچیدہ نہیں۔
بینک میں رقم جمع کرانے پر ملنے والا منافع، ماخذ پر ٹیکس کٹوتی کے بعد، اکثر مہنگائی کی رفتار کا بمشکل مقابلہ کر پاتا ہے۔ اسٹاک مارکیٹ نے حالیہ عرصے میں غیر معمولی تیزی کے باعث شہ سرخیاں تو بنائی ہیں، لیکن انہیں مارکیٹ میں آنے والی مندی بھی یاد ہے۔ ان کے برادر نسبتی کو بھی 2008ء کا بحران یاد ہے اور وہ آج تک اس کا ذکر کرنا پسند نہیں کرتے۔ میوچل فنڈز اور پنشن اسکیموں کے بارے میں بھی زیادہ تر خاندانوں کو کبھی مناسب رہنمائی نہیں ملی۔
دوسری جانب ان کا پڑوسی ہے جس نے پانچ سال پہلے ایک پلاٹ خریدا تھا اور اب ہر شادی کی تقریب میں اس کی قیمت بڑھنے کے قصے سناتا ہے۔ سونے نے بھی روپے کی قدر میں ہر گراوٹ کے دوران خاندانوں کی جمع پونجی کو تحفظ فراہم کیا ہے۔ ان دونوں سرمایہ کاری کے لیے نہ کسی تفصیلی دستاویز کی ضرورت ہے، نہ مالیاتی مشیر کی اور نہ ہی ٹیکس گوشوارے میں رقم کے ذرائع کی وضاحت درکار ہوتی ہے۔
چنانچہ وہ بھی پلاٹ خرید لیتے ہیں اور وہ کوئی غیر دانشمندانہ فیصلہ نہیں کر رہے، بلکہ دراصل وہی کر رہے ہیں جس کی ترغیب انہیں موجودہ معاشی نظام دیتا ہے۔ ایسے لاکھوں افراد کو یکجا کر دیا جائے تو ایسی معیشت سامنے آتی ہے جہاں بھاری سرمایہ زمین اور قیمتی دھاتوں کی شکل میں موجود ہے، لیکن اس سے نہ روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا ہوتے ہیں اور نہ برآمدات میں اضافہ ہوتا ہے۔
سب سے بڑا قرض لینے والا
اب معیشت کے دوسرے رخ پر نظر ڈالیں۔ کئی برسوں سے پاکستان کے بینکوں سے سب سے زیادہ قرض لینے والا کوئی کارخانے دار، کسان یا نیا کاروبار شروع کرنے والا شخص نہیں، بلکہ خود حکومت ہے۔
جب کسی بینک کو تقریباً بے خطر سرمایہ کاری کے ساتھ حکومت کو پرکشش شرح پر قرض دینے کا موقع ملے تو وہ فیصل آباد کی کسی چھوٹی ٹیکسٹائل مل کو کاروباری اخراجات پورے کرنے کے لیے قرض دینے کی کوشش کیوں کرے گا؟ عموماً ایسا نہیں ہوتا۔ بینکوں میں جمع ہونے والی رقوم براہ راست حکومتی سیکیورٹیز میں چلی جاتی ہیں اور بینکوں کا منافع برقرار رہتا ہے۔
ماہرینِ معاشیات اس صورت حال کو ’’کراؤڈنگ آؤٹ‘‘ یعنی نجی شعبے کے لیے قرضوں اور سرمایہ کاری کے مواقع محدود ہونے کا عمل کہتے ہیں۔ اسے آسان الفاظ میں یوں سمجھا جا سکتا ہے کہ قرض لینے والوں کی قطار میں حکومت سب سے آگے کھڑی ہے، جبکہ باقی تمام شعبوں کو انتظار کرنا پڑتا ہے۔
حکومتی مالیاتی خسارہ اس لیے برقرار رہتا ہے کہ ٹیکس کا دائرہ محدود ہے اور اس کا زیادہ بوجھ پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والوں پر پڑتا ہے۔ ودہولڈنگ ٹیکس اور مختلف محصولات کے ذریعے تنخواہ دار طبقے اور رجسٹرڈ کاروباری اداروں سے زیادہ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔ جب تک اس نظام میں تبدیلی نہیں آتی، قرض لینے والوں کی قطار مختصر نہیں ہوگی۔
اس پورے سلسلے میں ہر فریق اپنے مفاد کے مطابق معقول فیصلہ کرتا ہے۔ بچت کرنے والا خطرے سے بچتا ہے، بینک اپنا منافع محفوظ رکھتا ہے اور حکومت اپنے مالیاتی خسارے کو پورا کرتی ہے۔ لیکن اس سب کے باوجود مجموعی معیشت میں سرمایہ کاری ضرورت سے کم رہتی ہے۔ یہی وہ جال ہے جس میں ملکی معیشت پھنسی ہوئی ہے۔
ہر پاکستانی کی جیب میں موجود روپیہ
اس تمام صورت حال پر شرحِ تبادلہ کا بھی گہرا اثر ہے۔ جب لوگوں کو توقع ہو کہ روپے کی قدر میں کمی آئے گی تو ڈالر رکھنا محض قیاس آرائی نہیں رہتا بلکہ اپنے سرمائے کو ممکنہ نقصان سے بچانے کا ذریعہ بن جاتا ہے۔ برآمد کنندگان اپنی آمدنی ملک میں لانے سے گریز کرتے ہیں، درآمد کنندگان جلد ادائیگی کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور سرمایہ غیر رسمی ذرائع کی جانب منتقل ہونے لگتا ہے۔
حالیہ معاشی استحکام کے نتیجے میں انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی شرح کے درمیان فرق کم ہوا ہے، جبکہ ترسیلاتِ زر بھی دوبارہ باضابطہ مالیاتی ذرائع سے ملک میں آنے لگی ہیں۔ یہ حقیقی پیش رفت ہے۔ تاہم اگر استحکام زیادہ تر انتظامی اقدامات کی بنیاد پر قائم ہو تو اس کے پائیدار ہونے کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔
مستقل اعتماد کے لیے ضروری ہے کہ جاری کھاتے کا خسارہ تیل کی قیمتوں میں ہر اتار چڑھاؤ کے ساتھ بے قابو نہ ہو۔ اس مقصد کے لیے برآمدات کی بنیاد وسیع اور متنوع بنانا ہوگی۔ دوسری جانب برآمدات بڑھانے کے لیے سستے قرضوں، قابلِ اعتماد توانائی کی فراہمی اور ایسی پالیسیوں کی ضرورت ہے جو ہر چند ماہ بعد تبدیل نہ ہوں۔
اور یوں بات دوبارہ اسی بنیادی سوال پر آ جاتی ہے کہ ملک کا سرمایہ کہاں جا رہا ہے؟
رویوں میں حقیقی تبدیلی کیسے آئے گی؟
پاکستان میں اصلاحات کی فہرستیں عموماً 40 نکات تک پہنچ جاتی ہیں اور پھر فائلوں میں بند ہو کر رہ جاتی ہیں۔ تاہم چار اقدامات سب سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔
عام بچت کرنے والوں کو فائدہ پہنچایا جائے
اگر بینک میں رقم جمع کرانے والے افراد کو ٹیکس اور مہنگائی کی کٹوتی کے بعد بھی قابلِ اعتماد اور مثبت منافع ملے تو سونے اور پلاٹوں کی کشش کم ہو سکتی ہے۔ اس کے لیے صرف پالیسی ریٹ میں اضافہ کافی نہیں، بلکہ مہنگائی کو مستقل بنیادوں پر قابو میں رکھنا، بچتوں سے حاصل ہونے والی آمدنی پر منصفانہ ٹیکس نظام اور بینکوں کی جانب سے جمع کنندگان کو مناسب منافع کی ادائیگی بھی ضروری ہے۔
مالیاتی اثاثوں کو جائیداد کے مقابلے میں زیادہ پرکشش بنایا جائے۔ کئی ممالک میں زمین کی خریدوفروخت سے منافع کمانے کے لیے زیادہ ٹیکس عائد کیا جاتا ہے، جبکہ مالیاتی اثاثوں پر نسبتاً کم ٹیکس رکھا جاتا ہے تاکہ سرمایہ پیداواری شعبوں کی طرف منتقل ہو۔ پاکستان نے بھی اس سمت میں کوششیں کی ہیں، لیکن ٹیکس کی شرحوں اور حدوں میں بار بار تبدیلی کے باعث لوگوں کا اعتماد متاثر ہوا ہے۔ ایک سادہ اور طویل عرصے تک برقرار رہنے والا نظام کسی پیچیدہ ٹیکس پالیسی سے زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔
طویل المدتی سرمایہ کاری کے ذرائع پیدا کیے جائیں۔ پنشن فنڈز، انشورنس کمپنیاں اور طویل المدتی میوچل فنڈز حصص اور کارپوریٹ بانڈز میں سرمایہ کاری کے قدرتی ذرائع ہیں۔ مضبوط مقامی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی موجودگی سے غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری پر انحصار کم ہو سکتا ہے، جو عالمی حالات کے مطابق تیزی سے ملک سے آتا اور جاتا رہتا ہے۔ رضاکارانہ پنشن اسکیمیں، ڈیجیٹل طریقے سے سرمایہ کاری کے لیے رجسٹریشن اور کم لاگت والے انڈیکس فنڈز امید افزا اقدامات ہیں، تاہم ان کے لیے کئی برس تک مستقل حکومتی تعاون اور سرمایہ کاروں کی درست رہنمائی ضروری ہے۔
بینکوں کو حکومت کے علاوہ نجی شعبے میں بھی سرمایہ کاری کی ترغیب دی جائے
یہ سب سے مشکل اقدام ہے کیونکہ اس کا انحصار مالیاتی نظم و ضبط پر ہے۔ جب حکومت کی قرض لینے کی ضرورت کم ہوگی تو بینکوں کو منافع حاصل کرنے کے لیے دوسرے شعبوں کی طرف دیکھنا پڑے گا۔ قرضوں کی ضمانت، قابلِ اعتماد اثاثہ جات کے ریکارڈ اور دیوالیہ پن کے معاملات نمٹانے کے تیز رفتار طریقہ کار سے نجی کاروباری اداروں کو قرض دینا بینکوں کے لیے کم خطرناک بن سکتا ہے۔
’’ابھی نہیں‘‘ کہنا بھی ایک فیصلہ ہے
اصلاحات کے ناقدین کا کہنا ہے کہ جب تک معیشت کمزور ہے، ان اقدامات پر عمل درآمد ممکن نہیں۔ ان کی بات میں وزن ہے، کیونکہ اصلاحات کے لیے مناسب ترتیب ضروری ہے اور بیک وقت تمام تبدیلیاں نافذ کرنے سے ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔
لیکن انتظار کی بھی ایک قیمت ہوتی ہے۔ ہر بار معاشی استحکام کی کوششیں اگر بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی کے بغیر ختم ہو جائیں تو اگلے بحران کی بنیاد پڑ جاتی ہے۔ وہی خاندان دوبارہ اپنا سرمایہ سونے اور جائیداد میں محفوظ کریں گے، وہی بینک حکومتی سیکیورٹیز پر انحصار کریں گے اور یہی سلسلہ جاری رہے گا۔
یہ صورت حال اس لیے نہیں کہ پاکستانی مستقبل کے بارے میں سوچنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، بلکہ اس لیے ہے کہ انہیں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے ترغیبات اور نظام میں تبدیلی نہیں لائی گئی۔
اسٹاک مارکیٹ کے لیے اہم موقع
پاکستان کی حصص مارکیٹ نے حالیہ بعض ادوار میں طویل المدتی سرمایہ کاروں کو اچھا منافع دیا ہے اور سرمایہ کاری کرنے والوں کی ایک نئی نسل بھی اس جانب متوجہ ہو رہی ہے۔ یہ یقیناً حوصلہ افزا پیش رفت ہے، لیکن صرف مارکیٹ میں تیزی آ جانا کسی مضبوط اور پائیدار اسٹاک مارکیٹ کی ضمانت نہیں۔
ایک مستحکم مارکیٹ کے لیے وسعت، کاروباری سرگرمیوں میں گہرائی، حصص کی خریدوفروخت میں مناسب حجم، نئی کمپنیوں کی مسلسل فہرست سازی اور سرمایہ کاروں کے حقیقی تحفظ کی ضرورت ہوتی ہے۔
پاکستان میں بہت سی اچھی کارکردگی دکھانے والی نجی کمپنیاں اب بھی اسٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ ہونے سے گریز کرتی ہیں۔ انہیں معلومات ظاہر کرنے کے سخت ضوابط اور حصص کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا خدشہ ہوتا ہے۔ جب تک یہ صورت حال برقرار رہے گی، اسٹاک مارکیٹ چند شعبوں تک محدود رہے گی اور عام سرمایہ کاروں کا جوش بھی انڈیکس میں تیزی اور مندی کے ساتھ بدلتا رہے گا۔
ریگولیٹرز فہرست سازی کے طریقہ کار کو آسان بنا سکتے ہیں، مارکیٹ میں حصص کی خریدوفروخت کے لیے سازگار ماحول پیدا کر سکتے ہیں اور معلومات کے افشا سے متعلق ضوابط پر منصفانہ عمل درآمد یقینی بنا سکتے ہیں۔ کمپنیوں کو بھی عوامی اسٹاک مارکیٹ کو محض قانونی تقاضوں اور اضافی ذمہ داریوں کے بجائے طویل المدتی سرمایہ حاصل کرنے کا ذریعہ سمجھنا ہوگا۔
اصل مسئلہ کیا ہے؟
عام تاثر یہ ہے کہ پاکستانی بچت نہیں کرتے، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ پاکستانی بڑی مقدار میں بچت کرتے ہیں، مگر ان کی جمع پونجی ایسی جگہوں پر موجود ہے جو ملکی معیشت کی ترقی میں خاطر خواہ کردار ادا نہیں کرتیں۔ دوسری جانب باضابطہ مالیاتی نظام کا بڑا حصہ بنیادی طور پر حکومت کی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔
اس صورت حال کو بدلنا نہ فوری ممکن ہے اور نہ ہی یہ کوئی آسان یا پرکشش عمل ہے۔ تاہم جن معیشتوں نے کم بچت اور مسلسل معاشی اتار چڑھاؤ کے مسائل پر قابو پایا، انہوں نے مالیاتی اثاثوں کو دیگر متبادل ذرائع کے مقابلے میں زیادہ محفوظ، آسان اور منافع بخش بنا کر یہ کامیابی حاصل کی۔
پاکستانی گھرانے پہلے ہی ثابت کر چکے ہیں کہ وہ اپنی آمدنی میں سے رقم بچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کی جمع پونجی کو ایسے بہتر راستے فراہم کیے جائیں جہاں سے ملک کی صنعت، زراعت، روزگار اور برآمدات کو فائدہ پہنچ سکے۔

























Comments