اکتوبر میں فری لانسرز کی ماہانہ برآمدی آمدنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
- رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران فری لانسرز کی برآمدی آمدنی 76 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی، خرم شہزاد
وزیرِ خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان سے فری لانسرز کی برآمدی آمدنی اکتوبر 2026 میں سالانہ 53 فیصد اضافے کے بعد 21 کروڑ ڈالر کی ماہانہ ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
تازہ ترین اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے خرم شہزاد نے بتایا کہ مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران فری لانسرز کی برآمدی آمدنی 76 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں ریکارڈ کی گئی 51 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی آمدنی کے مقابلے میں 47 فیصد زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اکتوبر کی آمدنی پاکستانی فری لانسرز کی جانب سے کسی ایک ماہ کے دوران حاصل کی جانے والی اب تک کی سب سے زیادہ برآمدی آمدنی ہے جو عالمی منڈیوں میں ملک کے ڈیجیٹل ہنرمندوں کی بڑھتی ہوئی رسائی کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مالی سال 2026 کے دوران پاکستانی فری لانسرز نے ریکارڈ 1.76 ارب ڈالر کی برآمدی آمدنی حاصل کی تھی۔ ان کے مطابق موجودہ شرحِ نمو برقرار رہنے کی صورت میں مالی سال 2027 کے دوران سالانہ آمدنی 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر سکتی ہے جو ایک نیا ریکارڈ ہوگا۔
خرم شہزاد نے کہا کہ فری لانسرز کی بڑھتی ہوئی برآمدی آمدنی پاکستان میں زرمبادلہ کی آمد بڑھانے، عالمی ڈیجیٹل مارکیٹوں میں ملک کی موجودگی مستحکم کرنے اور نوجوان افرادی قوت کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ برآمدی آمدنی میں مسلسل اضافہ اس بات کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کا ڈیجیٹل سروسز کا شعبہ برآمدات میں تنوع لانے اور زرمبادلہ کمانے کے ایک اہم ذریعے کے طور پر ترقی کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
























Comments