پاکستان کی اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے مجموعی منافع میں کیلنڈر سال 2026 کی تیسری سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا حالانکہ ان کی آمدن میں 1 فیصد کمی ہوئی۔ برآمدات میں رکاوٹوں اور تجارتی رعایتوں میں اضافے کے باوجود مجموعی منافع کے مارجن میں بہتری اور اخراجات کو بہتر انداز میں کنٹرول کرنے کے اقدامات نے کمپنیوں کے منافع کو سہارا دیا۔
جے ایس گلوبل کے جائزے کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ نو فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے ایک نمونے نے اپنے مالیاتی نتائج جاری کیے۔ یہ کمپنیاں شعبے کی مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کا تقریباً 93 فیصد حصہ رکھتی ہیں۔
جائزے میں مجموعی فارماسیوٹیکل انڈسٹری کی کارکردگی اور شعبے کی بڑی لسٹڈ کمپنیوں کے مالیاتی نتائج میں فرق کی نشاندہی کی گئی۔ انڈسٹری کی مجموعی آمدنی میں سالانہ بنیادوں پر 12 فیصد اور سہ ماہی بنیادوں پر 8 فیصد اضافہ ہوا جبکہ زیرِ جائزہ لسٹڈ کمپنیوں کی آمدنی میں سالانہ بنیادوں پر 1 فیصد کمی اور سہ ماہی بنیادوں پر 6.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تجارتی رعایتوں میں اضافے اور افغانستان کو برآمدات مکمل طور پر معطل ہونے کے باعث لسٹڈ کمپنیوں کی فروخت متاثر ہوئی۔
ریسرچ اینالسٹ منیش کمار کی تحریر کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ افغانستان کے ساتھ زمینی راستوں کے ذریعے تجارت اکتوبر 2025 سے جبکہ فضائی راستوں کے ذریعے تجارت اپریل 2026 سے تعطل کا شکار ہے۔ رپورٹ کے مطابق، پاکستانی فارماسیوٹیکل برآمد کنندگان نے متبادل منڈیوں میں اپنی مصنوعات کی ترسیل بڑھا کر برآمدات میں تنوع لانے کی کوشش کی ہے، تاہم مشرقِ وسطیٰ میں جاری جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث مجموعی طور پر برآمدات کا ماحول بدستور مشکل رہا ہے۔
خالص فروخت میں کمی کے باوجود فارماسیوٹیکل شعبے کے مجموعی منافع کے مارجن میں سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد پوائنٹس اور سہ ماہی بنیادوں پر 2.4 فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں کیلنڈر سال 2026 کی تیسری سہ ماہی میں یہ شرح 45 فیصد تک پہنچ گئی۔ اس بہتری کی بنیادی وجوہات میں ادویات کی قیمتوں میں اضافہ اور اخراجات کو بہتر انداز میں کنٹرول کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔ زیرِ جائزہ نو کمپنیوں میں سے کسی ایک کے مجموعی منافع کے مارجن میں بھی سالانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ نہیں کی گئی۔
انفرادی کمپنیوں میں فیروز سنز لیبارٹریز نے زیرِ جائزہ کمپنیوں میں سب سے زیادہ آمدنی میں اضافہ ریکارڈ کیا جس کی خالص فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 19 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کی بنیادی وجہ جنیرک ادویات اور طبی آلات کی فروخت کے حجم میں اضافہ تھا۔
گلیکسو اسمتھ کلائن پاکستان کی خالص فروخت میں 17 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اس کے مجموعی منافع کے مارجن میں 2 فیصد پوائنٹس بہتری آئی۔ کمپنی کی فی حصص آمدنی سالانہ بنیادوں پر 28 فیصد بڑھ کر 8.20 روپے ہو گئی۔
ایبٹ لیبارٹریز (پاکستان) (ABOT) نے اخراجات پر قابو پانے اور مصنوعات کے امتزاج میں تبدیلی کے باعث فی حصص آمدنی میں 40 فیصد اضافہ رپورٹ کیا، جو بڑھ کر 25.98 روپے ہو گئی۔ کمپنی کی خالص فروخت میں 4 فیصد جبکہ مقامی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 5.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دی سیرل کمپنی کی سہ ماہی کے دوران خالص فروخت میں 18 فیصد اضافہ ہوا۔
تاہم ہیلین پاکستان کی خالص فروخت 37 فیصد کمی کے بعد 6.6 ارب روپے رہ گئی جس کی بنیادی وجہ اوور دی کاؤنٹر ادویات کے شعبے میں فروخت کی کمزور کارکردگی تھی۔ کمپنی کی فی حصص آمدنی بھی سالانہ 5 فیصد کمی کے بعد 13.05 روپے رہ گئی۔ آمدنی میں کمی کے اثرات کسی حد تک مجموعی منافع کے مارجن میں 15 فیصد پوائنٹس اضافے سے کم ہوئے جو بڑھ کر 55 فیصد ہو گیا۔ جائزے کے مطابق، مارجن میں یہ بہتری کسٹمز ڈیوٹی کی یک وقتی ایڈجسٹمنٹ کے باعث آئی۔
اے جی پی لمیٹڈ کی مجموعی فروخت میں 15 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کی وجوہات میں افغانستان کے ساتھ تجارت کی معطلی اور صارفین کی قوتِ خرید میں کمی شامل ہیں۔ اس کے باوجود کمپنی کا مجموعی منافع کا مارجن سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد پوائنٹس بڑھ کر 65 فیصد ہو گیا۔
























Comments