امریکی حملے میں ایرانی جزیرے کو نشانہ بنانے کے بعد ایران کی کویت پر فائرنگ
- امریکی حملوں کے جواب میں ایران نے کویت میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنے اور علاقائی عدم استحکام کے خدشات میں اضافہ
ایران نے کہا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز میں واقع جزیرہ قشم پر امریکی حملے کے بعد رات گئے کویت میں امریکی ڈرون اور میزائل تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ ستمبر کے بعد کسی امریکی اتحادی خلیجی ملک پر ایران کا یہ پہلا حملہ ہے۔
خطے میں حالیہ دنوں کے دوران بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں بحرین نے بھی بدھ کو ایرانی فضائی حملوں کو ایک ہفتے میں تیسری مرتبہ روکنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بحرین نے تہران پر مملکت کے خلاف منظم دشمنانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا ہیڈکوارٹر بحرین میں واقع ہے۔
حالیہ حملوں نے تنازع ختم کرنے کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو درپیش مشکلات مزید نمایاں کردی ہیں۔ اس تنازع کے باعث مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام، بحری تجارت میں خلل اور عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ خطے کے متعدد ممالک بھی اس کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔
ایران کی دشمن کو نئی دھمکی
ایرانی فوج کے مطابق کویت کی جانب سے دشمن ڈرون حملوں کو روکنے کے لیے فضائی دفاعی نظام فعال کرنے کے اعلان کے بعد ایران نے کویت کے علی السالم فوجی اڈے پر امریکی ڈرون اور میزائل تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
























Comments