آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے تین تیل بردار جہاز متاثر، ایران
- آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں متاثر ہونے والے جہازوں میں سے ایک سپر ٹینکر تھا، پاسدارانِ انقلاب
ایران کی بحریہ اور پاسدارانِ انقلاب نے ہفتے کو بتایا کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے ٹکرانے والے مجموعی طور پر تین تیل بردار جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ تہران نے اس آبی گزرگاہ میں بحری آمدورفت پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔
فروری میں امریکہ کے ساتھ جنگ چھڑنے کے بعد سے تہران نے اصرار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہاز اس کی اجازت حاصل کریں جبکہ اس ہدایت پر عمل نہ کرنے والے جہازوں کو نشانہ بھی بنایا گیا ہے۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے ہفتے کی صبح پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کا ایک بیان نشر کیا جس میں آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں پیش آنے والے واقعے کے بارے میں کہا گیا کہ کچھ دیر قبل دو تیل بردار جہازوں نے اپنے ریڈار اور پوزیشننگ سسٹم بند کر رکھے تھے اور غیر مجاز راستے سے خفیہ طور پر آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کررہے تھے۔ بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد ان میں دھماکے ہوئے اور آگ بھڑک اٹھی۔
ایران کی روایتی بحریہ نے ایک الگ بیان میں کہا کہ ایک اور تیل بردار جہاز آبنائے ہرمز کے مشرق میں واقع غیر محفوظ اور ممنوعہ علاقے سے گزر رہا تھا جہاں اس کے ٹریکنگ اور شناختی نظام بند تھے۔ بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی اور اسے سفر روکنے پر مجبور ہونا پڑا۔
ان بیانات میں جہازوں کے نام یا ان کے آبائی ممالک کی تفصیلات نہیں دی گئیں، تاہم پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں متاثر ہونے والے جہازوں میں سے ایک سپر ٹینکر تھا۔
تہران کی جانب سے اس اہم تجارتی گزرگاہ کو بند کرنے کے ردعمل میں امریکہ نے ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی کر رکھی ہے اور اس آبی گزرگاہ سے گزرنے والے تیل بردار جہازوں کو فوجی معاونت بھی فراہم کر رہا ہے۔
ایران کی مسلح افواج نے حالیہ ہفتوں کے دوران آبنائے ہرمز میں کئی جہازوں پر آگ لگنے یا دھماکوں کے واقعات کی اطلاع دی ہے اور اکثر کا کہنا ہے کہ یہ جہاز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرائے تھے۔
پاسدارانِ انقلاب نے جمعہ کو ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں ایک جہاز سے دھوئیں کا بلند بادل اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔ اس کے مطابق یہ جہاز مائع گیس لے جا رہا تھا اور آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا تھا۔
تاہم، امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے مرکزی راستوں سے بارودی سرنگیں صاف کردی ہیں۔
























Comments