قدرتی آفات، ایشیائی بینک نے پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دیدی
- اے ڈی بی کے مطابق اس پروگرام کے تحت ملک میں قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مالی معاونت کے نظام کو بھی مزید مضبوط بنایا جائے گا
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کو قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے اور ان سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے پالیسی پر مبنی قرضوں کے تحت مجموعی طور پر 50 کروڑ ڈالر کی ہنگامی مالی معاونت (کنٹی جنٹ ڈیزاسٹر فنانسنگ) کی سہولیات فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
بدھ کو جاری بیان کے مطابق اس مالی معاونت کے تحت قدرتی آفات کے اہل قرار دیے جانے والے واقعات کے بعد فوری بجٹ معاونت فراہم کی جائے گی، تاکہ ان کے معاشی اور مالیاتی اثرات کم کرنے میں مدد مل سکے۔
بیان کے مطابق پاکستان میں سیلاب، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات کے باعث سالانہ اوسطاً تقریباً 2 ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔
بیان میں کہا گیا صرف 2022 کے سیلاب سے براہ راست 14.9 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، جبکہ معاشی نقصانات کا تخمینہ 15.2 ارب ڈالر لگایا گیا۔ ان سیلابوں کے باعث 91 لاکھ تک افراد غربت کا شکار ہوگئے۔ غریب اور دیہی آبادیوں میں بحالی کی صلاحیت نسبتاً کم ہے، جبکہ خواتین اور لڑکیاں غیر متناسب طور پر زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔
آبادیوں کے تحفظ اور مستقبل میں قدرتی آفات کے اثرات کم کرنے کے لیے کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس انہانسمنٹ پروگرام کے دوسرے ذیلی پروگرام کے تحت ایسی اصلاحات کی معاونت کی جا رہی ہے جن کا مقصد آفات سے نمٹنے کی تیاری اور خطرات کے انتظام کو مضبوط بنانا اور پاکستان کی ترقیاتی منصوبہ بندی اور سرمایہ کاری میں قدرتی آفات کے مقابلے کی صلاحیت سے متعلق اقدامات کو شامل کرنا ہے۔
اے ڈی بی کے مطابق اس پروگرام کے تحت پاکستان میں قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مالی معاونت کے نظام کو بھی مضبوط بنایا جا رہا ہے اور آفات کے بعد مالی وسائل کی دستیابی بہتر بنانے میں مدد دی جا رہی ہے۔
پاکستان میں اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا جب کوئی قدرتی آفت آتی ہے تو سب سے زیادہ متاثر عموماً کمزور اور محروم طبقات ہوتے ہیں۔ آفات سے نمٹنے کی پیشگی تیاری میں سرمایہ کاری سے انسانی جانوں اور روزگار کے ذرائع کا تحفظ، معاشی نقصانات میں کمی اور پاکستان کی جانب سے مشکل سے حاصل کی گئی ترقیاتی کامیابیوں کو محفوظ بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام ملک کو اہم اصلاحات پر عمل درآمد میں معاونت فراہم کرے گا، تاکہ مستقبل کو قدرتی آفات کے مقابلے کے لیے زیادہ محفوظ اور مستحکم بنایا جا سکے۔
یہ پروگرام قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی ترجیحات اور ایشیا و بحرالکاہل کے خطے میں قدرتی آفات کے مقابلے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے اے ڈی بی کے عزم سے ہم آہنگ ہے۔
گزشتہ ماہ اے ڈی بی نے اپنی ایشیا پیسیفک کلائمیٹ رپورٹ 2026 میں کہا تھا کہ سطح سمندر میں اضافے، ساحلی کٹاؤ اور کھارے پانی کی زمینوں میں دراندازی کے باعث پاکستان میں 2100 تک سالانہ تقریباً 14 لاکھ 80 ہزار افراد ساحلی سیلابوں کی زد میں آسکتے ہیں، جس سے آبادیوں، بنیادی ڈھانچے اور ذرائع معاش کو خطرات لاحق ہیں۔
رپورٹ میں پاکستان کو ان ممالک میں شامل کیا گیا ہے جنہیں ساحلی علاقوں میں بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے۔ اس میں خبردار کیا گیا ہے کہ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیاں اور موسمیاتی خطرات کی شدت میں اضافہ مستقبل میں معاشی اور سماجی نقصانات کو نمایاں طور پر بڑھا سکتے ہیں۔























Comments