ایران سے مذاکرات میں پیش رفت، تیل کی قیمتوں میں کمی
- برینٹ خام تیل کی قیمت 84 سینٹ یا 0.85 فیصد کمی کے بعد 97.48 ڈالر فی بیرل ہوگئی
عالمی منڈی میں پیر کو کاروبار کے آغاز پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان ہے کہ ایران کے خلاف نئے حملوں کا حکم دینے کا امکان انتہائی کم ہے، کیونکہ تنازع ختم کرنے کے لیے مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔ تاہم دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز میں یا اس کے قریب بحری جہازوں پر حملوں کی اطلاعات بھی دی ہیں۔
برینٹ خام تیل کی قیمت 84 سینٹ یا 0.85 فیصد کمی کے بعد 97.48 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) 32 سینٹ یا 0.35 فیصد کمی سے 90.51 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
قیمتوں میں یہ کمی جمعے کے کاروباری اختتام پر ہونے والے معمولی اضافے کے برعکس ہے۔ ایل ایس ای جی کے 1988 سے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمت میں 17 فیصد کمی ہوئی، جو کورونا وبا کے آغاز کے بعد سب سے بڑی ہفتہ وار کمی ہے۔
ٹرمپ نے سی این این کو بتایا کہ اگر ایران کے ساتھ مضبوط معاہدہ طے پا جاتا ہے تو نئے حملوں کی ضرورت پیش آنے کا امکان انتہائی کم ہے۔
کے سی ایم ٹریڈ کے چیف تجزیہ کار ٹم واٹرر کے مطابق ٹرمپ کے حالیہ بیانات میں محتاط رویہ نظر آتا ہے، تاہم مارکیٹ اب بھی یہ دیکھ رہی ہے کہ آیا وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران تنازع پر ان کی پالیسی میں مستقل تبدیلی آئی ہے یا یہ محض عارضی تبدیلی ہے۔
دوسری جانب جے پی مورگن نے خبردار کیا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی اضافی رسد دوبارہ بڑھ رہی ہے۔ ادارے کے مطابق ستمبر میں یومیہ 11 لاکھ بیرل جبکہ اکتوبر میں 14 لاکھ بیرل اضافی رسد متوقع ہے۔
ادھر عراق نے آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی برآمدات کی اجازت کے لیے امریکا سے مفاہمت کرلی ہے، جبکہ حوثیوں نے ریاض میں سعودی آرامکو کے دفاتر پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔























Comments