وزیراعظم یوتھ لون اسکیم، قرض کی حد ڈھائی کروڑ روپے کردی گئی
- یہ فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم یوتھ بزنس لون اسکیم اور یوتھ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ قرض کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردی ہے، جس کا مقصد نوجوان کاروباری افراد کو مالی سہولیات فراہم کرنا اور زراعت کے شعبے میں نوجوانوں کی شمولیت بڑھانا ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں دونوں اسکیموں پر عمل درآمد اور ملک بھر میں نوجوانوں کو مالی معاونت کی فراہمی سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کو آسان اقساط پر قرض فراہم کیا جائے تاکہ وہ مالی مشکلات کے بغیر اپنے کاروبار قائم اور وسعت دے سکیں اور زرعی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران ان اسکیموں کے تحت نوجوانوں کو قرض فراہم کرنے کے لیے مجموعی طور پر 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ مالی سال 27-2026 کے دوران تقریباً 2 لاکھ 66 ہزار 700 نوجوان اس پروگرام سے مستفید ہوں گے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ جنوری 2023 سے اب تک 5 لاکھ 81 ہزار 341 نوجوانوں کو قرض فراہم کیا جاچکا ہے، جو گزشتہ ایک دہائی کے دوران مستفید ہونے والے افراد کی تعداد سے 10 گنا زیادہ ہے۔ اس پروگرام کے تحت اب تک 313 ارب 90 کروڑ روپے کے قرضے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پروگرام کے تحت مجموعی قرضوں کا 30 فیصد خواتین کے لیے مختص کیا جائے تاکہ ان کی معاشی خودمختاری اور کاروباری سرگرمیوں میں شمولیت کو فروغ دیا جاسکے۔
انہوں نے قرض حاصل کرنے کے لیے کم از کم عمر کی حد بھی 21 سال سے کم کرکے 18 سال کرنے کا حکم دیا، تاکہ نوجوان کم عمری میں کاروبار شروع کرسکیں اور زرعی منصوبوں میں حصہ لے سکیں۔
وزیراعظم نے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کو ہدایت کی کہ نوجوان درخواست گزاروں کو کاروبار کے قیام، مشاورت، تکنیکی معاونت اور دیگر ضروری رہنمائی فراہم کی جائے۔
انہوں نے نوجوانوں میں قرض اسکیموں سے متعلق آگاہی کے لیے ملک گیر مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل نوجوان ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت انہیں بااختیار بنانے، روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کاروباری افراد اور زرعی منصوبوں کی معاونت قومی معیشت کے استحکام، روزگار کی فراہمی اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے۔
اجلاس میں وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان رانا مشہود احمد خان اور معاون خصوصی برائے سیاسی امور طلحہ برکی نے شرکت کی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026























Comments