پی آئی اے کے بوئنگ 787 طیاروں کی خریداری اور ریفائنری اپ گریڈیشن کیلئے پاکستان نے امریکی ایگزم بینک سے تعاون مانگ لیا
- وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نیویارک میں ہونے والے اجلاسوں کے دوران یہ بات کہی
پاکستان نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی منصوبہ بندی کے تحت طیاروں کی خریداری، جس میں بوئنگ 787 ڈریم لائنرز بھی شامل ہیں، کے لیے امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک (ایکسِم بینک) سے فنانسنگ طلب کی ہے، جبکہ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے لیے بھی تعاون مانگا گیا ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نیویارک میں ہونے والے اجلاسوں کے دوران یہ بات کہی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک کے دورے کے تیسرے روز اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا۔
ایک بیان کے مطابق انہوں نے ہوا بازی، ریفائنریوں کی جدید کاری اور ریکو ڈک کان کنی کے منصوبے کے حوالے سے بین الاقوامی شراکت داروں سے بات چیت کی۔
وزیر خزانہ نے امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک کے چیئرمین جان جووانووچ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے لیے طیاروں کی خریداری، ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن اور ریکو ڈک کان کنی کے منصوبے کے لیے فنانسنگ کے مواقع پر توجہ مرکوز کی گئی۔
محمد اورنگزیب نے بوئنگ کے طیاروں، خصوصاً 787 ڈریم لائنرز میں پی آئی اے کی دلچسپی سے آگاہ کیا اور طیاروں اور انجنوں کی خریداری کے لیے فنانسنگ پیکیج میں تعاون طلب کیا۔
انہوں نے گراؤنڈ کیے گئے بوئنگ 777 طیاروں کو دوبارہ سروس میں لانے کے لیے اسپیئر پارٹس کی ضرورت بھی اجاگر کی۔
دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وسیع تر تعاون کے فریم ورک پر کام جاری رکھا جائے گا، جبکہ مخصوص معاملات کو ترجیح دی جائے گی، جن میں طیاروں کی حوالگی سے قبل ادائیگیوں کے لیے ممکنہ فنانسنگ بھی شامل ہے۔ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کو بھی امریکی ایگزم بینک کے تعاون کے ایک ممکنہ شعبے کے طور پر شناخت کیا گیا۔
ریکو ڈک کے حوالے سے وزیر خزانہ نے پاکستان کی مستقبل کی برآمدات کے لیے منصوبے کی اہمیت اور تاخیر کی لاگت پر زور دیا اور منصوبے کے لیے امریکی ایگزم بینک کے مسلسل عزم کا خیرمقدم کیا۔
وزیر خزانہ کی ملاقاتوں میں پاکستان کی جانب سے ڈیجیٹل تبدیلی کو آگے بڑھانے، بین الاقوامی اقتصادی تعاون مضبوط بنانے اور ہوا بازی، ریفائننگ اور کان کنی سمیت اہم شعبوں کے لیے فنانسنگ متحرک کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی، جبکہ تعاون اور سرمایہ کاری کے عملی مواقع تلاش کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا گیا۔
اس سے قبل محمد اورنگزیب نے بوئنگ گلوبل کے صدر ڈاکٹر برینڈن نیلسن کے ساتھ پی آئی اے کے بیڑے کو جدید بنانے پر تبادلہ خیال کیا، کیونکہ ایئرلائن نئے طیارے حاصل کرنے اور طیاروں کی ترسیل تیز کرنے کے امکانات تلاش کر رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے بوئنگ کی جانب سے نئے طیاروں کے حصول کے لیے پی آئی اے کو نظرثانی شدہ تجویز پیش کرنے کی تصدیق کا خیرمقدم کیا، جبکہ طیاروں کی جلد ترسیل کے لیے دستیاب سلاٹس اور عبوری لیزنگ کے انتظامات کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
























Comments