آپریشن العزم جاری، ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 13 ہوگئی
- آپریشن کے دوران فتنہ الہندستان کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا
سیکیورٹی فورسز کے آپریشن العزم میں اب تک ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 13 ہوگئی ۔
سرکاری میڈیا ریڈیو پاکستان نے سیکیورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن العزم میں اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز کے ایک کامیاب آپریشن میں کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی جسے فتنہ الہندستان بھی کہا جاتا ہے کو مزید جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
آپریشن کے دوران فتنہ الہندستان کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا جب کہ اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ بموں (آئی ای ڈیز) کی تیاری میں استعمال ہونے والا مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔
تصدیق شدہ اطلاعات ہیں کہ اس آپریشن کے دوران فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے کئی دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اس سے قبل رواں ہفتے کے آغاز میں بلوچستان میں انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 10 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ دو خواتین خودکش بمباروں اور ایک سہولت کار کو گرفتار کیا تھا۔
























Comments