ایران کا پک ایکس ماؤنٹین بھی نشانہ بنائیں گے، ٹرمپ
- پک ایکس ماؤنٹین ایران کی نطنز یورینیم افزودگی تنصیب کے قریب واقع ایک انتہائی محفوظ مقام ہے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز کہا کہ امریکا ایران میں واقع پک ایکس ماؤنٹین کو بھی نشانہ بنائے گا، جبکہ انہوں نے خبردار کیا کہ واشنگٹن ایران پر سخت حملے جاری رکھے گا۔
ہیو ہیوٹ شو میں انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہم پک ایکس ماؤنٹین کو تباہ کریں گے۔ ایرانیوں سے کہہ دو کہ تیار رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پک ایکس ماؤنٹین پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہمیں وہاں کوئی سرگرمی دکھائی نہیں دے رہی۔ ان کا جوہری پروگرام اچھی حالت میں نہیں ہے۔ جب بھی ہمیں اس کے بارے میں اطلاع ملتی ہے، ہم اسے تباہ کر دیتے ہیں۔ اسی لیے وہ اس کا زیادہ ذکر کرنا پسند نہیں کرتے۔ لیکن غالب امکان ہے کہ ہم جلد ہی پک ایکس کو بھی نشانہ بنائیں گے۔
پک ایکس ماؤنٹین ایران کی نطنز یورینیم افزودگی تنصیب کے قریب واقع ایک انتہائی محفوظ مقام ہے، جہاں زیرِ زمین دو گہرے سرنگی کمپلیکس موجود ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ تنصیبات اتنی گہرائی میں ہیں کہ امریکا کے پاس موجود طاقتور ترین بنکر بسٹر بم بھی انہیں نشانہ بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
اس سے قبل پیر کے روز ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکا نے خلیج میں ایرانی جہاز رانی کے خلاف بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کر دی ہے اور آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے لیے فیس وصول کی جائے گی۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکا اور ایران کے درمیان میزائل اور ڈرون حملوں کا نیا تبادلہ ہوا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہم آج رات بھی ان پر بھرپور حملہ کریں گے اور کل بھی سخت حملے کریں گے، اور وہ اس کے خلاف کچھ بھی نہیں کر سکیں گے۔






















Comments