ہوزری مینوفیکچررز کی دبئی انٹرنیشنل چیمبر کے ساتھ باضابطہ شراکت داری کی خواہش
- دبئی چیمبر انٹرنیشنل کے چیف نمائندہ برائے پاکستان عبیر سلیم گل کی پی ایچ ایم اے ہاؤس کراچی میں عہدیداران سے ملاقات
پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے دبئی چیمبر انٹرنیشنل کے ساتھ ایک باضابطہ شراکت داری کی درخواست کی ہے، تاکہ دونوں تنظیموں کے ممبران کے لیے کاروباری تعاون اور سہولیات کی فراہمی کو ادارہ جاتی شکل دی جا سکے، اور ویلیو ایڈڈ ملبوسات ، ٹیکسٹائل اور اس سے وابستہ شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے ایک مشترکہ کاروباری راؤنڈ ٹیبل (گول میز کانفرنس) منعقد کی جا سکے۔
دبئی چیمبر انٹرنیشنل کے چیف نمائندہ برائے پاکستان، عبیر سلیم گل نے پی ایچ ایم اے ہاؤس کراچی میں پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن کے عہدیداران سے ملاقات کی۔
انہوں نے دبئی چیمبرزکےپاکستان میں متعارف دفتر کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا.
ملاقات میں پی ایچ ایم اے کے زونل چیئرمین فیصل ارشد شیخ، سیکریٹری جنرل خادم رسو ل اور سیکریٹری (ساؤتھ) امجد عثمان نے بھی شرکت کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا.
چیئرمین فیصل ارشد شیخ نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع موجود ہیں، جن سے تاحال مکمل فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دبئی چیمبر اور پی ایچ ایم اے کے اراکین کے درمیان کاروباری مواقع موجود ہیں، اس لیے دونوں اداروں کے درمیان رابطوں اور کاروباری ملاقاتوں کا آغاز ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہی ایچ ایم اے مشرقِ وسطیٰ اور جی سی سی ممالک میں برآمدات کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے پُرعزم ہے جبکہ دبئی اس خطے کا ایک اہم کاروباری مرکز ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ایچ ایم اے کے کئی اراکین کے دبئی میں دفاتر اور فری زونز میں فیکٹریاں موجود ہیں۔ پی ایچ ایم اے دبئی چیمبر آف کامرس کے ساتھ باضابطہ تعاون چاہتا ہے تاکہ یو اےای کےخریداروں، عالمی برانڈز اوربین الاقوامی خریداروں سےروابط کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
انہوں نے پی ایچ ایم اے اوردبئی چیمبر کے درمیان مجوزہ ایم او یو پر دستخط کے موقع پر یو اے ای میں پی ایچ ایم اے کے دفتر کی قیادت کرنے میں بھی اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر عبیر سلیم گل نے بتایا کہ پاکستان میں دبئی چیمبر کا نیا دفتر دبئی گلوبل منصوبے کے تحت قائم کیا گیا ہےجس کا مقصد 2030 تک دنیا بھر میں 50 نمائندہ دفاتر قائم کرنا ہے۔ اس منصوبے کا ہدف دبئی کو عالمی کاروباری مرکز کے طور پر مزید مضبوط بنانا، غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور مقامی کمپنیوں کی عالمی منڈیوں تک رسائی میں مدد فراہم کرنا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026
























Comments