وزیر خزانہ اور برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، اقتصادی تعاون اور اصلاحات پر گفتگو
- محمد اورنگزیب نے اہم معاشی اشاریوں میں بہتری کا بھی ذکر کیا
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پیر کے روز پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے ساتھ دوطرفہ تعاون، اقتصادی اصلاحات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر مسلسل رابطے سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
بیان کے مطابق وزیر خزانہ نے بدلتے ہوئے عالمی معاشی ماحول اور اس کے پاکستان کی معیشت پر اثرات کے حوالے سے حکومت کا نقطہ نظر پیش کیا، خصوصاً علاقائی جغرافیائی سیاسی پیش رفت اور توانائی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے تناظر میں۔
محمد اورنگزیب نے حکومت کی جانب سے میکرو اکنامک استحکام برقرار رکھنے، بیرونی شعبے پر دباؤ کو منظم کرنے، اور طویل مدتی ترقی اور معاشی مضبوطی کو یقینی بنانے کے لیے جاری اقتصادی اصلاحات کی رفتار برقرار رکھنے کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔
وزیر خزانہ نے اہم معاشی اشاریوں میں بہتری کا بھی ذکر کیا، جن میں بیرونی کھاتوں میں استحکام، ترسیلات زر میں مسلسل مضبوطی، اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ شامل ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر کو ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے، ریونیو وصولی مضبوط بنانے، تعمیل بہتر کرنے، اور ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن اقدامات کے ذریعے شفافیت بڑھانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔”
محمد اورنگزیب نے پالیسیوں کے تسلسل، مالیاتی نظم و ضبط اور ساختی اصلاحات کے عزم کو بھی اجاگر کیا، جن میں سرکاری شعبے کی کارکردگی بہتر بنانے، ادارہ جاتی رابطہ مضبوط کرنے، اور نجی شعبے کی قیادت میں ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششیں شامل ہیں۔
دونوں فریقین نے اصلاحاتی ایجنڈے کے لیے حمایت برقرار رکھنے میں مؤثر ابلاغ اور عوامی شمولیت کی اہمیت پر بھی گفتگو کی۔
علاقائی اور عالمی پیش رفت، اور ان کے معاشی و انسانی اثرات بھی زیر بحث آئے۔
دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ معاشی استحکام اور عالمی سپلائی چینز کو متاثر کرنے والے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکالمہ، بین الاقوامی تعاون اور مربوط کوششیں انتہائی اہم ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر نے علاقائی امور پر پاکستان کے مسلسل رابطے کو سراہا اور پاکستان کی اقتصادی اصلاحات اور ترقیاتی ترجیحات کے لیے برطانیہ کی حمایت کا اعادہ کیا۔
علاوہ ازیں، دونوں فریقین نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی صلاحیت، آبادی کی منصوبہ بندی، سماجی شعبے میں تعاون، اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ تعاون سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
بیان کے مطابق ملاقات کا اختتام پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اقتصادی، ترقیاتی اور ادارہ جاتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا۔

























Comments