پاکستان میں ہونڈا بائیک تیار کرنے والی کمپنی نے 2 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی منظوری دے دی
- یہ سرمایہ کاری پیداواری صلاحیت میں اضافے، آٹومیشن اور استعدادِ کار بہتر بنانے کے لیے کی جائے گی
اٹلس گروپ اور ہونڈا موٹر کمپنی کے مشترکہ منصوبے اٹلس ہونڈا لمیٹڈ نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی کے بورڈ نے اگلے مالیاتی سال کے لیے 5.3 ارب روپے (تقریباً 2 کروڑ ڈالر) کے سرمائے کی منظوری دے دی ہے۔ کمپنی نے اس حوالے سے آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے آگاہ کیا۔
پاکستان میں اپنے موٹر سائیکل آپریشنز کی توسیع کے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کمپنی کا کہنا تھا کہ یہ سرمایہ کاری پیداواری صلاحیت، آٹومیشن اور استعدادِ کار میں اضافے کے لیے کی جائے گی۔
اسٹاک مارکیٹ کو مطلع کیا گیا ہے کہ اس سرمایہ کاری کے نتیجے میں کمپنی کی سالانہ پیداواری گنجائش بڑھ کر 20 لاکھ یونٹس تک پہنچ جائے گی۔
اٹلس ہونڈا لمیٹڈ بطور پبلک لمیٹڈ کمپنی 16 اکتوبر 1962 کو کمپنیز ایکٹ 1913(جو اب کمپنیز ایکٹ 2017 ہے) کے تحت رجسٹر ہوئی تھی۔ کمپنی بنیادی طور پر موٹر سائیکلوں اور ان کے اسپیئر پارٹس کی مرحلہ وار تیاری اور مارکیٹنگ کے کاروبار سے وابستہ ہے۔ یہ شیرازی انویسٹمنٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی ہے، جس کے پاس 31 مارچ 2021 تک کے اعداد و شمار کے مطابق کمپنی کے جاری کردہ اور ادا شدہ سرمائے کا 52.43 فیصد حصہ موجود ہے۔






















Comments