سپارکو کا تیار کردہ دوسرا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ خلا میں روانہ
- یہ سنگِ میل سیٹلائٹ کی تیاری میں پاکستان کی بڑھتی صلاحیتوں اور قومی خلائی پروگرام کی مسلسل مضبوطی کو اجاگر کرتا ہے
سپارکو نے جمعرات کو پاکستان کے دوسرے مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ (ای او-2) کی کامیاب لانچنگ کا اعلان کیا جسے چین کے یانگ جیانگ سی شور لانچ سینٹر (وائے ایس ایل سی) سے خلا میں بھیجا گیا۔
سپارکو نے ایک بیان میں کہا کہ یہ سنگِ میل سیٹلائٹ کی تیاری میں پاکستان کی بڑھتی صلاحیتوں اور قومی خلائی پروگرام کی مسلسل مضبوطی کو اجاگر کرتا ہے۔
چونکہ پاکستان کا پہلا مقامی سیٹلائٹ (ای او-ون) جنوری 2025 میں لانچ کیا گیا تھا، اس کے بعد 2025/26 کے دیگر بڑے سنگِ میل جیسے ہائپر اسپیکٹرل (ایچ ایس-1) اور پی آر ایس ایس-2 کی لانچنگ ہوئی، اس تازہ پیش رفت سے ملکی خلائی پروگرام کی رفتار اور عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔
پاکستان کی خلائی ایجنسی نے جنوری 2025 میں اپنا پہلا مقامی طور پر تیار کردہ مشاہداتی سیٹلائٹ ای او-1 لانچ کیا تھا، اس قسم کے سیٹلائٹ الیکٹرو آپٹیکل سنسرز کا استعمال کرتے ہیں جو زمین کی سطح سے منعکس ہونے والی سورج کی روشنی یا خارج ہونے والی شعاعوں کا سراغ لگا کر اور ان کی پیمائش کر کے ڈیٹا اور تصاویر جمع کرتے ہیں۔
سپارکو کا کہنا ہے کہ ای او-2 کو پاکستان میں سپارکو کے سیٹلائٹ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر میں تصور ، ڈیزائن اور تیار کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ان ہاؤس ریسرچ اور سسٹمز انجینئرنگ کے ذریعے تیار کردہ یہ سیٹلائٹ، سیٹلائٹ ڈیزائن، پے لوڈ انٹیگریشن، ٹیسٹنگ اور مشن کی تیاری (ریڈینیس) کے شعبوں میں بڑھتی ہوئی قومی صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے۔
پہلے سے موجود ای او-1 سیٹلائٹ کے ساتھ ہم آہنگی سے کام کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا یہ نیا سیٹلائٹ (ای او-2)، زمین کا مختلف روشنی کے حالات میں مشاہدہ کرتا ہے جس سے زمین کی سطح کے خدوخال کی بہتر تشریح اور تبدیلیوں کی زیادہ قابلِ بھروسہ شناخت ممکن ہو جاتی ہے۔ ان دونوں کا مشترکہ آپریشن امیجنگ کے تسلسل اور قومی ضروریات کے لیے تجزیاتی درستگی کو مزید بہتر بناتا ہے۔























Comments