تھائی لینڈ میں کرین گرنے سے مسافر ٹرین پٹری سے اتر گئی، 22 افراد ہلاک
- پولیس چیف تھاچا پون چنناونگ کے مطابق حادثے کے وقت ٹرین میں 195 مسافر سوار تھے
تھائی لینڈ میں چین کی معاونت سے تعمیر کیے جا رہے ہائی اسپیڈ ریلوے منصوبے پر ایک بڑا سانحہ پیش آیا، جس میں تعمیراتی کرین ایک مسافر ٹرین پر گر گئی۔ بدھ کی صبح 9 بجے کے قریب صوبہ نکھون راچاسیما میں پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں کم از کم 22 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے، مقامی حکام نے واقعہ کی تصدیق کی ہے۔ پولیس چیف تھاچا پون چنناونگ کے مطابق حادثے کے وقت ٹرین میں 195 مسافر سوار تھے، جن میں سے متعدد افراد شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب تعمیراتی کام کے دوران استعمال ہونے والی ایک بھاری کرین ٹرین پر آ گری، جس سے ٹرین پٹری سے اتر کر الٹ گئی اور چند ڈبوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ مقامی میڈیا کے براہ راست مناظر میں ریسکیو اہلکاروں کو ملبے میں پھنسے مسافروں کو نکالتے دیکھا گیا، جب کہ دھوئیں کے بادل فضا میں بلند ہوتے رہے۔
صوبائی محکمہ اطلاعات کے مطابق متاثرہ ٹرین بینکاک سے اوبن راتچتھانی کے لیے روانہ ہوئی تھی اور حادثہ شہر کے مضافاتی حصے میں پیش آیا۔ دوسری جانب وزیر ٹرانسپورٹ پھپھات راچاکٹ پراکرن نے بتایا کہ حکام ہلاک ہونے والوں کی شناخت کے عمل میں مصروف ہیں، جب کہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حادثے کا شکار کرین چین کی مالی معاونت سے زیرِ تکمیل 5.4 ارب ڈالر مالیت کے ہائی اسپیڈ ریلوے منصوبے کا حصہ تھی، جس کا مقصد 2028 تک بینکاک کو چین کے شہر کونمنگ سے لاؤس کے راستے براہ راست جوڑنا ہے۔ یہ منصوبہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا مرکزی حصہ سمجھا جاتا ہے۔























Comments