ایمباپے کی واپسی یا انجری کا خطرہ؟ سپر کپ فائنل سے قبل ریال میڈرڈ تذبذب کا شکار
- گزشتہ ماہ کرسٹیانو رونالڈو کا 59 گولز کا ریکارڈ برابر کرنے والے ایمباپے گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا
اسپینش سپر کپ کے فائنل میں آج روایتی حریف ریال میڈرڈ اور بارسلونا آمنے سامنے ہوں گے۔ ریال میڈرڈ کے کوچ جابی الونسو کا کہنا ہے کہ وہ اسٹار اسٹرائیکر کلیان ایمباپے کی فٹنس پر خطرہ مول لینے پر غور کر رہے ہیں۔ ایمباپے، جنہوں نے گزشتہ ماہ کرسٹیانو رونالڈو کا ایک کیلنڈر ایئر میں 59 گولز کا ریکارڈ برابر کیا تھا گھٹنے کی تکلیف کے باعث سیمی فائنل نہیں کھیل سکے تھے۔
الونسو کے مطابق ایمباپے اب بہتر محسوس کر رہے ہیں اور ٹیم کے ساتھ ٹریننگ بھی کی ہے، تاہم ان کے کھیلنے کا حتمی فیصلہ ڈاکٹروں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
دوسری جانب بارسلونا کے منیجر ہنسی فلک نے ایمباپے کو دنیا کا بہترین اسٹرائیکر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم اپنے مخصوص اسٹائل میں کھیلے گی۔
انہوں نے نوجوان اسٹار لامین یامال کی فائنل کے لیے دستیابی کی بھی تصدیق کی۔ فی الوقت لالیگا میں بارسلونا کو ریال میڈرڈ پر 4 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔






















Comments