لیون فارما کی ہوور فارما کو خریدنے کی تیاری، ابتدائی مذاکرات کا آغاز
- مراسلے کو کسی بھی حتمی معاہدے کی تصدیق نہ سمجھا جائے ، اسٹاک ایکسچینج کو نوٹس جاری
لیون فارما لمیٹڈ نے ہوور فارما پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ کمپنی کی ممکنہ خریداری کے حوالے سے ابتدائی مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔ پیر کوپاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کیے گئے ایک نوٹس میں کمپنی نے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس کے مطابق اس مرحلے پر دونوں کمپنیاں اس ممکنہ لین دین کی افادیت اور فزیبلٹی کا جائزہ لے رہی ہیں۔ کمپنی نے واضح کیا کہ معاملہ فی الحال زیرِ غور ہے اور ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، یہ بات چیت ابتدائی نوعیت کی ہے جو مزید جانچ پڑتال، ریگولیٹری منظوریوں اور تفصیلی ”ڈیو ڈیلیجنس“ کے نتائج سے مشروط ہوگی۔
لیون فارما نے مزید زور دیا کہ اس مراسلے کو کسی بھی حتمی معاہدے، ترتیب یا عزم کی تصدیق نہ سمجھا جائے۔
ہوور فارما لاہور میں قائم ایک کمپنی ہے جو ادویات اور صحت کی دیکھ بھال کی مصنوعات تیار کرنے میں مصروف ہے۔ دوسری جانب لیون فارما لمیٹڈ کا قیام اکتوبر 1991 میں بطور پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی عمل میں آیا تھا، جسے بعد ازاں اپریل 1992 میں پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کر دیا گیا۔ اس کمپنی کی بنیادی سرگرمی بھی ادویات اور متعلقہ مصنوعات کی تیاری ہے۔




















Comments