پاکستان اور روس نے مسابقتی پالیسی میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے
- فریقین کا باقاعدہ اجلاس، مشاورت، ورکشاپس، ماہرین کے تبادلے اور مشترکہ تحقیقی اقدامات کے ذریعے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
جمعرات کو سی سی پی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) اور روسی فیڈریشن کی فیڈرل اینٹی مونوپولی سروس (ایف اے ایس ) نے مسابقتی پالیسی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔
سی سی پی کے چیئرمین کبیر احمد سدھو اور ایف اے ایس کے ڈپٹی ہیڈ مسٹر آندرے تسگانوو نے روس، پاکستان بین الحکومتی کمیشن برائے تجارت، سرمایہ کاری، سائنسی اور تکنیکی تعاون کے دسویں اجلاس کے دوران اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔
سی سی پی نے کہا ہے کہ یہ اقدام ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے، منصفانہ منڈی کے طریقوں کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے کہا کہ یہ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) تعاون کے لیے ایک منظم فریم ورک فراہم کرتی ہے، جس میں “ماہرانہ تبادلہ، بہترین عملی تجربات اور ضابطہ کاری کے تجربات شامل ہیں، خاص طور پر کارٹل تحقیقات، اجارہ داری کا ناجائز استعمال، مرجر کنٹرول، دھوکہ دہی پر مبنی مارکیٹنگ، اور شعبہ وار مسابقتی جائزوں کے شعبوں میں۔”
بیان کے مطابق “اس معاہدے کے تحت دونوں حکام باقاعدہ اجلاس، مشاورت، ورکشاپس، ماہرین کے تبادلے اور مشترکہ تحقیقی اقدامات کے ذریعے رابطے میں رہیں گے۔”
سی سی پی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف اے ایس، جو 35 سال قبل قائم ہوئی، سی سی پی کے مقابلے میں وسیع دائرہ اختیار کے ساتھ کام کرتی ہے۔
بیان کے مطابق “اس کے ہیڈکوارٹر میں تقریباً 1,000 ملازمین کام کرتے ہیں، جبکہ سی سی پی میں اسلام آباد میں تقریباً 250 عملہ موجود ہے۔ ایف اے ایس کے آزاد علاقائی دفاتر بھی ہیں جو کارٹلائزیشن اور دھوکہ دہی پر مبنی مارکیٹنگ کی روک تھام میں انتہائی موثر کردار ادا کرتے ہیں۔ سی سی پی روس کے وسیع ضابطہ کاری تجربے سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے، اور دونوں جانب جلد مشترکہ اجلاس منعقد ہوں گے تاکہ تعاون اور علم کے تبادلے کو گہرا کیا جا سکے۔”
توقع ہے کہ اس تعاون سے پاکستان اور روس دونوں ممالک میں ضابطہ کاری میں مضبوط ہم آہنگی، نفاذ کی صلاحیت میں اضافہ اور زیادہ مسابقتی و صارف دوست مارکیٹیں فروغ پائیں گی۔























Comments
Comments are closed.